• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اماراتی ریاست راس الخیمہ میں قازق شہریوں کےلیے مفت رہائش کا اعلان

فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا
فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست راس الخیمہ کے حکام نے قازقستان سے آنے والوں کے لیے رہائش مفت کرنے کا اعلان کردیا۔ 

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ اقدام ایسے افراد کے لیے کیا گیا ہے جو قازقستان سے یو اے ای آنے کے بعد یہاں سے واپس جانے سے قاصر ہیں۔ 

واضح رہے کہ قازقستان میں حکومت مخالف مظاہرے جاری ہیں، اس دوران ہوئی جھڑپوں میں اہلکاروں سمیت 164 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ 

قازقستان کی موجودہ صورتحال کے باعث یو اے ای آنے والے قازق شہریوں کو واپسی میں فلائٹ نہ ملنے کی وجہ سے واپس اپنے وطن جانے میں مسائل کا سامنا ہے۔

اس مسئلے کو مدِ نظر رکھتے ہوئے راس الخیمہ کی ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جن شہریوں کو واپس قازقستان جانے میں مسائل کا سامنا ہے انہیں مفت رہائش اور کھانا فراہم کیا جائے گا۔ 

اتھارٹی کے سی ای او راکی فلپس نے اپنے بیان میں قازقاستان کے شہریوں سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری اولین ترجیح یہاں آنے والے سیاحوں کی حفاظت ہے اور ہم انہیں فلائٹ ملنے تک تمام سہولیات مہیا کرنے کے عزم کو پورا کریں گے۔ 

واضح رہے کہ وسطی ایشیائی ریاست میں جاری مظاہروں کے پیشِ نظر وہاں کے لیے بیرون ملک سے جانے والی پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ 

ان مظاہروں میں اب تک 9 ہزار 900 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید