• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ٹک ٹاکر حریم شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کردیں۔ 

واضح رہے کہ چند روز قبل حریم شاہ کی ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں ان کے پاس بین الاقوامی کرنسی موجود ہے جس کے بارے میں وہ دعویٰ کر رہی ہیں وہ پاکستان سے باآسانی بیرون ملک لائیں۔ 

تاہم اب ایف آئی اے حکام نے حریم شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کرنے کے فیصلہ کرلیا۔ 

ایف آئی اے حکام کے مطابق برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کو خط لکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس میں نیشنل کرائم ایجنسی سے کارروائی کرنے کی درخواست کی جائے گی۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں حریم شاہ بھاری رقم منتقلی کا اعتراف کر رہی ہیں۔

دوسری جانب جیو نیوز نے ٹک ٹاکر حریم شاہ کے ویزے، امیگریشن اور سفری دستاویزات کی کاپی بھی حاصل کرلی۔

ان دستاویزات کے مطابق ٹک ٹاکر حریم شاہ کا اصل نام فضا حسین ہے۔

حریم شاہ نے 10 جنوری کی رات کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دوحا کے لیے سفر کیا تھا۔

ادھر ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ حریم شاہ کے خلاف فارن ایکسچینج قوانین کے تحت کارروائی کی جارہی ہے۔

بھاری رقم کے ساتھ سوشل میڈیا ایپ اسنیک ویڈیو پر حریم نے اپنی ویڈیو اپ لوڈ کی تھی جس میں ٹک ٹاکر نے ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا تھا۔

ویڈیو میں حریم شاہ کے ہاتھوں میں بھاری کرنسی موجود ہے، جبکہ ان کا کہنا ہے کہ مجھے کسی نے نہیں روکا نہ ہی روک سکتا ہے۔

حریم شاہ ویڈیو میں کہہ رہی ہیں کہ پہلی مرتبہ پاکستان سے یو کے اتنی بڑی رقم لے کر آرہی تھی، پاکستانی پیسے اور پاسپورٹ سمیت کسی چیز کی وقعت نہیں۔

ساتھ میں وہ یہ بھی کہہ رہی تھیں کہ رقم لاتے وقت خیال کیجیے گا کیونکہ پکڑ لیتے ہیں، مجھے تو کسی نے کچھ نہیں کہا اور کہہ بھی نہیں سکتے، میں تو بہت آسان اور محفوظ طریقے سے پہنچ گئی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید