• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی:کورونا کی شرح 29 فیصد کے قریب جا پہنچی


کراچی میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 29 فیصد کے قریب جا پہنچی، گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 2 ہزار81 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

شہر قائد میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 28 اعشاریہ 8 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے، گزشتہ روز کورونا کی تشخیص کے لیے 7 ہزار 226 ٹیسٹ کیے گئے جبکہ کورونا کے 2 ہزار81 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کراچی کے علاوہ لاہور اور پشاور میں 24 گھنٹوں میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح بالترتیب 9اعشاریہ 63 فیصد اور 4 اعشاریہ 6 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ حیدر آباد میں 4 اعشاریہ 36 فیصد، راولپنڈی میں 4 اعشاریہ 95 فیصد مثبت کیسز کی شرح ریکارڈ ہوئی ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، لاک ڈاؤن سے متعلق فیصلہ این سی او سی کی ہدایات پر کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار 567 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 7 مریض اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 362 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 7 اعشاریہ 36 فیصد پر آ گئی۔

پاکستان بھر میں اب تک 28 ہزار 999 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 13 لاکھ 15 ہزار 834 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 26 ہزار 428 زیرِ علاج مریضوں میں سے 675 کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 12 لاکھ 60 ہزار 407 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 48 ہزار 449 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 2 کروڑ 40 لاکھ 32 ہزار 951 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 7 لاکھ 86 ہزار 835 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، اب تک کُل 16 کروڑ 60 لاکھ 83 ہزار 807 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں جبکہ 7 کروڑ 61 لاکھ 62 ہزار 35 افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی ہے۔

قومی خبریں سے مزید