• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گووندا نئی میوزک ویڈیو سے مداحوں کو متاثر کرنے میں ناکام

گووندا، فوٹو اسکرین گریب
گووندا، فوٹو اسکرین گریب

بالی ووڈ اسٹار گووندا اپنی نئی میوزک ویڈیو ’ ہیلو‘ سے مداحوں کو متاثر نہ کرسکے ۔

گووندا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی نئی میوزک ویڈیو شیئر کی ہے۔

اُنہوں نے اپنے نئے گانے اور اس کی میوزک ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’ ان کا تیسرا گانا (ہیلو) ان کے یوٹیوب چینل گووندا رائلز پر ریلیز کردیا گیا  ہے‘۔

اُنہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے بائیو میں اپنے نئے گانے کا یوٹیوب لنک بھی شیئر کیاہے۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’اُنہیں اُمید ہے کہ سب کو پسند آئے گا‘۔

گووندا اس میوزک ویڈیو میں اداکارہ نشا شرما کے ساتھ  رنگین باغات اور روشن گلیوں میں ڈانس کرتے ہوئے  نظر آرہے ہیں۔

تاہم معروف بالی ووڈ اداکار جنہوں نے کچھ عرصہ پہلے موسیقی کی دنیا میں قدم رکھا ہے اپنے اس نئے گانے سے مداحوں کو متاثر کرنے میں ناکام رہے۔

گووندا کی اس میوزک ویڈیو پر زیادہ ترسوشل میڈیا صارفین نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ’ آپ کو یہ سب کرتے ہوئے دیکھ کر شرمندگی ہوئی‘۔

صارف نے مزید لکھا کہ ’آپ کو اپنی عزت اور نام کا خیال کرنا چاہیے، اورماضی میں جو حیرت انگیز کام کیا ہے اس کو یاد رکھنا چاہیے، اس طرح اپنا مذاق نہ بنائیں‘۔

جبکہ بہت سے صارفین نے گووندا کو حقائق کو تسلیم کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ’براہ کرم 90 کی دہائی سے باہر آئیں کیونکہ اب ہم 90 کی دہائی میں نہیں 2022 میں جی رہے ہیں‘۔

خیال رہے کہ گووندا 90 کی دہائی کے بالی ووڈ کے سب سے کامیاب اور محبوب فلمی ستاروں میں سے ایک ہیں۔ 

انہوں نے بھرتی فلم انڈسٹری کومتعدد ہٹ فلمیں دی ہیں، جن میں ’بڑے میاں چھوٹے میاں‘، ’کولی نمبر 1‘، ’حسینہ مان جائیں گی‘، اور ’ہیرو نمبر 1‘شامل ہیں۔


انٹرٹینمنٹ سے مزید