• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیل کی ضرورت ہے نہ ہمارا مطالبہ، ن لیگ


لاہور( نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) نے ڈیل کے حوالےوزراء اور حکومتی ترجمانوں کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ڈیل کی ضرورت ہے نہ ایسا کوئی ہمارا مطالبہ ہے۔

نوازشریف سے کسی نے ملاقات نہیں کی، راناء ثناء اللہ نے کہا سیاسی یتیموں کی چیخیں نکل رہی ہیں، عمران خان کا چپڑاسی کیا فیصلہ کریگا، طلال چوہدری نے کہا کہ عینکیں لگانے سے کرتوت چھپ نہیں جاتے، جو ہاتھ آپ کے سر پر تھے اب وہ نواز شریف کے پاؤں میں ہیں، احسن اقبال نے کہا عمران خان کے پاس ریٹائرڈ ہرٹ ہونےکے سوا کوئی چارہ نہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے وزیر داخلہ شیخ رشید کے بیان کو کھسیانی بلی کھمبا نوچے قرار دیدیا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فواد چوہدری ان چار آدمیوں کا نام لیں کون تھے اور کس سے ملنے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نہ کسی ڈیل کی روادار ہے نہ اس بارے میں کوئی پارٹی فیصلہ ہے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ میاں نواز شریف کے ساتھ لندن میں کوئی ملاقات نہیں ہوئی ہے۔

میں اس بات کی واضح تردید کرتا ہوں کہ ہمیں کسی ڈیل کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مری سانحہ کے بارے میں شیخ رشید کا بیان عمران خان کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے،عمران خان کا چپڑاسی ہی عمران خان کی سیاسی قبر کھودے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے جانے کا وقت ہوا جاتا ہے، کرائے کے ترجمان اب پریس کانفرنس صرف نواز شریف اور شہباز شریف کا نام لینے کیلئے کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان عوام کیلئے ڈرانا اور آٹا چینی دوائی چوروں کیلئے سہانا خواب ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی کی بہت ٹرانسفر ہوگئی، اب عمران نیازی کی ٹرانسفر ہونے والی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور شہباز شریف سے گھبراہٹ صاف نظر آرہی ہے،شیخ رشید کی کالی عینک کی طرح اس کا سیاسی مستقبل بھی سیاہ ہوچکا ہے ۔ 

مسلم لیگ(ن) کے رہنما طلال چوہدری نے شہباز گل کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ جتنا مرضی تڑپیں، اب نواز شریف اس جعلی حکومت کو ڈھیل نہیں دینگے۔انہوں نے کہا کہ عینکیں اتاریں اور ملکی حالات دیکھیں، نہ غریب کی روٹی ہے نہ پاکستان کی عزت۔ انہوںنے کہا کہ ان سے حکومت چلتی نہیں مگر زبان بہت چلتی ہے۔ 

ادھر مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا ہےکہ عمران خان کے پاس ریٹائرڈ ہرٹ ہونےکے سوا کوئی چارہ نہیں، عمران خان نا اہل اور نالائق لیڈر ثابت ہوچکے ہیں۔ 

شکرگڑھ میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان کے جھوٹے دعووں کی قلعی کھل رہی ہے،ضد کرکے پچ نہ چھوڑی تو تماشائیوں کو اسٹریچر پر ڈال کرباہر نکالنا پڑے گا۔

اہم خبریں سے مزید