• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا، ڈاکٹرز و طبی عملہ بھی متاثر، مسیحا سمیت 9 افراد جاں بحق،4027 نئے مریض

کراچی (نیوز ڈیسک) ملک بھر میں کوروناکے باعث مزید 9 اموات، 4027 نئے مریض بھی سامنے آگئے۔

کراچی میں ایک اور ڈاکٹر کورونا سے جاں بحق ہوگیا ، ڈاکٹر پروفیسر صلاح الدین شیخ نجی اسپتال میں ماہر امراض اطفال تھے، شہر میں مثبت کیسز کی شرح 40فیصد تک پہنچ گئی، سرکاری ونجی اسپتالوں کے ڈاکٹرز اور طبی عملے کے 500سے زائد ارکان کورونا میں مبتلا ہوگئے ۔

اسپتالوں میں عملہ کم پڑنے لگا، لاہور میں 150سے زائد طبی عملے کے ارکان کورونا میں مبتلا ہوگئے۔

دوسری جانب سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7.8 فیصد رہی جبکہ کراچی میں یہ شرح 40فیصد تک پہنچ گئی ہے ، حکام کے مطابق کراچی میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا کے 6124 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 2412کیسز مثبت نکلے، کراچی میں ایک اور ڈاکٹر عالمی وبا کورونا کے باعث جان کی بازی ہار گیا۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے مطابق ڈاکٹر پروفیسر صلاح الدین شیخ نجی اسپتال میں زیر علاج تھے جو کورونا کے باعث انتقال کر گئے۔ پی ایم اے کے مطابق ڈاکٹر صلاح الدین نجی اسپتال میں ماہر امراض اطفال تھے۔

این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 29012 ہو چکی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 24 ہزار 147 تک پہنچ چکی ہے۔

اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 579 افراد کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد ملک میں وبا سے شفایاب ہونے والے افراد کی تعداد 12 لاکھ 63 ہزار 584 ہو گئی ہے۔

اہم خبریں سے مزید