• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نارتھ کراچی اور ایم اے جناح روڈ پر آتشزدگی کے واقعات، ایک شخص جاں بحق، دوسرا زخمی


ایم اے جناح روڈ اور نارتھ کراچی میں آتشزدگی کے واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا جبکہ املاک کو بھاری نقصان پہنچا۔

فائر بریگیڈ کے مطابق ایم اے جناح روڈ پر واقع ایک نجی اسپتال میں نامعلوم وجہ سے آگ لگ گئی، جس کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں موقع پر پہنچیں۔

کے ایم سی فائر فائٹرز کے ہمراہ کنٹونمنٹ بورڈ کا عملہ بھی گاڑیوں کے ساتھ آگ بجھانے میں مصروف رہا۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق آتشزدگی کے دوران 2 افراد جھلس گئے تھے، جن میں ایک ویلڈر جاں بحق ہوگیا۔

 آتشزدگی کے دوران اسپتال کے مختلف شعبوں میں دھواں بھر جانے سے درجنوں افراد متاثر ہوئے، بیشتر مریضوں کی حالت بھی غیر ہوگئی، جنہیں دیگر محفوظ جگہوں پر منتقل کیا گیا۔

 آخری اطلاعات کے مطابق آگ پر قابو پا لیا گیا تھا تاہم ممکنہ خطرے کے پیش نظر فائر فائٹرز موقع پر موجود تھے۔

نارتھ کراچی میں ناگن چورنگی فلائی اوور کے قریب میں ایک پٹرول پمپ پر آگ بھڑک اٹھی۔

 بتایا جاتا ہے کہ پٹرول پمپ پر آئل ٹینکر سے پٹرول کی منتقلی کے دوران آگ بھڑکی، جس نے پٹرول پمپ کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔

اس آگ سے پٹرول پمپ کو نقصان پہنچا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

قومی خبریں سے مزید