• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ان کی باتوں پر ان کے بچے بھی ہنستے ہیں، فواد چوہدری

ان کی باتوں پر ان کے بچے بھی ہنستے ہیں، فواد چوہدری


اسلام آباد (اے پی پی، ٹی وی رپورٹ) وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مریم نواز کی باتوں پر تو اب ان کے بچے بھی ہنستے ہیں، حکومت جانے کیلئے اپوزیشن کو پانچ چھ سال انتظار کرنا پڑیگا، حکومت گرانے کے چکر میں 4سال گزار دیئے۔

اسی چکر میںیہ اگلے 5سال بھی گزاریں گے، جبکہ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ مریم صفدر ہارے ہوئے قافلے کا حصہ ہیں، یہ 7 بار لانگ مارچ کر چکے،آر اور پار کرنے والے اب خوار ہو رہے ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا مریم نواز کی باتوں پر تو اب ان کے بچے بھی ہنستے ہیں، نیب قوانین، عدالتی اصلاحات جیسے معاملات پر اپوزیشن سے بات کرنا چاہتے ہیں لیکن اپوزیشن پہلے دن سے اس انتظار میں ہے کہ چھ مہینے بعد حکومت چلی جائے گی حالاں کہ اس کیلئے اپوزیشن کو پانچ چھ سال مزید انتظار کرنا پڑے گا۔ 

علاوہ ازیں وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے مریم صفدر کی میڈیا سے گفتگو پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف پر کرپشن ثابت ہوئی ہے، وہ سرٹیفائیڈ چور اور ڈاکو ہیں، انہوں نے ملک کو لوٹا اورسپریم کورٹ نےانہیں نااہل قرار دیا ۔ 

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ نواز شریف کوئی علاج نہیں کرا رہے، وہ بس بھگوڑے بن کر ملک سے باہر چھپے ہیں۔ نواز شریف ملک واپس آئیں انہیں ٹکٹ بھی دیں گے لیکن ان کا ٹھکانہ اڈیالہ جیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ملک واپس آ کر اپنی کرپشن اور لوٹی ہوئی دولت کا حساب دینا ہو گا۔

اہم خبریں سے مزید