• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائمہ کمیٹیوں میں ارکان کی تقرری، مفادات کا ٹکراؤ نہ ہو، وفاقی کابینہ

اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی کابینہ نےکہاہےکہ قائمہ کمیٹیوں میں ارکان کی تقرری میں مفادات کا ٹکرائو نہ ہو،کابینہ نے اقوام متحدہ کے کنونشن برائے ٹرانزیشنل منظم جرائم پروٹوکول اور دی ٹریفکنگ پروٹوکول کی توثیق کی ،عمران خان کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں اسپیشل ٹیکنالوجی زونز کے قیام سے متعلق بھی گفتگو ہوئی۔ منگل کووزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کابینہ کو ملک میں اومی کرون کے پھیلاؤ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔موجودہ کیسز کی تعداد بڑھ کر 5 ہزاریومیہ، ہاسپٹلائزیشن ریٹ 2.5گنا اور آئی سی یو شرح میں 30فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

کابینہ نے اومی کرون سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز،ماسک کے استعمال اور ویکسینیشن مکمل کرنے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے پر زور دیاتاہم کابینہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ایسے اقدامات اٹھانے سے گریز کرے گی جس سے کاروباری اور معاشی سرگرمیوں کو نقصان پہنچے۔

کابینہ میں اسپیشل ٹیکنالوجی زونز کے حوالے سے گفتگوہوئی۔کابینہ نے بجلی چوری میں ملوث عناصر اور ان کی معاونت کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی،تمام بڑے شہروں کے ماسٹر پلان جلد مکمل کرکے ان پر عملدرآمد یقینی بنانے اور شہری آبادیوں میں گرین ایریاز اور درختوں کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔

کابینہ نے وزارتوں میں سیکرٹری کے علاوہ دیگر اعلیٰ آفیسران کو پرنسپل اکائونٹنگ آفیسر مقرر کرنے کے لئے رولز آف بزنس 1973 میں ترمیم کی اجازت دے دی جبکہ کابینہ نےاس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ حکومت ایسے اقدامات سے گریزکرے گی جس سے کاروباری اور معاشی سرگرمیوں کو نقصان پہنچے۔

کابینہ کو بتایا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک ترمیمی بل کے حوالے سے فیصلہ سازی میں قومی سلامتی اور معاشی بحالی کے تمام پہلوئوں کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے،اسٹیٹ بینک کا بورڈ آف گورنر تمام فیصلے کرے گا جنہیں حکومت نامزد کرے گی۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ اسپشل ٹیکنالوجی زونز کے قیام اور کامیابی سے روزگار کی فراہمی اور ملکی آئی ٹی بر آمدات میں اضافہ ہوگا۔ حکومت ٹیکنالوجی شعبے کی ترقی کیلئے بڑے منصوبوں میں خطیر رقم خرچ کر رہی ہے جس کے مثبت نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں۔

کابینہ میں قومی اسمبلی میں مؤثر قانون سازی اور ملکی ترقی میں پارلیمنٹ کے کردار کو مزید مضبوط کرنے پر گفتگو ہو ئی۔کابینہ نے حکومتی ممبران اور وفاقی وزراء کو پارلیمنٹ میں اپنی حاضری یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

کابینہ نے سفارش کی کہ پارلیمنٹ کی قائمہ کمیٹیوں میں ممبران و عہدیداران کی تعیناتی کرتے وقت مفادات کے ٹکرائو کے پہلوئوں کو مد نظر رکھا جائے۔کابینہ کو وزارتِ صنعت و پیداوار کی طرف سے یوریا کی پیداوار کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

رواں سال ملک میں یوریا کی پیداوار پاکستان کی تاریخ میں بلند ترین سطح پر رہی۔یوریا کی ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے گئے۔

اہم خبریں سے مزید