• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ARY جھوٹی خبر نشر کر کے ساکھ کو نقصان پہنچا رہا ہے، اسپورٹس مینجمنٹ فرم

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے پی ایس ایل 2022 کی براڈ کاسٹنگ رائٹس کے اشتراک سے متعلق اسپورٹس مینجمنٹ فرم کی ساکھ خراب کرنے پر اے آر وائی کمیونی کیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا ہے۔ 

حق دعویٰ دائر کرنے والی بلٹز ایڈور ٹائزمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ درخواست گزار کمپنی کا پاکستان کی دس بڑی کمپنیوں میں شمار ہوتا ہے جو کھیلوں کی اشتہاری مہم کا کام کرتی ہے اور گزشتہ چھ پی ایس ایل ٹورنامنٹس کی اشتہاری مہم درخواست گزار نے ہی کی ہے اور پی ایس ایل کی کامیابی میں بڑا اہم کردار ادا کیا ہے۔ 

تاہم اے آر وائی نیوز گروپ درخواست گزار کو پی سی بی کا نادہندہ ظاہر کر کے من گھڑت اور بے بنیاد خبریں نشر کر رہا ہے جبکہ ہماری کمپنی نے پی سی بی کو ہر قسم کی ادائیگیاں کر دیں تھیں بلکہ اس وقت تو پی سی بی درخواست کمپنی کی نادہندہ ہے مدعی نے مزید موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے پی ایس ایل 2022 کے حوالے سے پی ٹی وی اور اے آر وائی کا براڈ کاسٹنگ رائٹس کا اشتراک کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں پٹیشن بھی دائر کی ہے۔ 

اسی لیئے اے آر وائی بد نیتی پر مبنی جھوٹی خبریں نشر کر کے ہماری ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہا ہے لہذا اے آر وائی کمیونیکیشن کو حقیقت کے برعکس جھوٹی خبریں نشر کرنے سے روکا جائے اور ان کی ویب سائٹ پر موجود مواد کو بھی مستقل طور پر ہٹایا جائے۔

اہم خبریں سے مزید