کراچی ( محمد ناصر )پاکستانی دستاویزی فلم Barefoot with Godfather of Soccer نے مغربی بنگال بھارت میں منعقد، ٹیگورانٹرنیشنل فلم فیسٹیول سے ایوارڈ جیت لیا، یہ فلمی میلہ،1913 میں ادب کے پہلے ایشیائی نوبل انعام یافتہ شاعر اور افسانہ نگار، رابندر ناتھ ٹیگور کے نام سے منسوب ہے۔ خالد حسن خان نے بیئر فٹ کو پروڈیوس اور ڈائریکٹ کیا ہے۔ کھیل کی دستاویزی فلم پاکستان میں فٹ بال کے شمال اور جنوب سے تعلق رکھنے والے،دو سابقہ فٹبالرز اور موجودہ سوکرکوچزکی زندگیوں کے گرد، نوجوان نسل کے فٹ بال کھلاڑیوں کی فٹ بال سے لگاؤ کا دلچسپ احوال ہے۔ سندھ میں، احمد جان سابقہ فیفاریفری اورکراچی میونسپل کارپوریشن ، فٹ بال اسٹیڈیم کے انچارج ہیں، جب کہ خیبر پختونخواہ کے فٹ بال کوچ سیف اللہ خان بنوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ دونوں کوچز اپنے کم وسائل میں، نوجوان فٹبالرز کی حوصلہ آفزائی کرتے آئے ہیں۔ ڈاکومینٹری ڈائرکٹر خالد حسن خان نے کہا "یہ کھیل کی دستاویزی فلم سے زیادہ، ایک بین المذاہب مکالمہ ہے، جہاں ہندو، میسحی اور زرتشت اقلیتی برادری کے مرد اور خواتین فٹبالرز کی زندگیوں کوعکس بند کیا گیا ہے”۔فلم ہدایتکار کے مطابق ’ بیئرفٹ ‘ کا اس وقت انٹرنیشل ایوارڈ حاصل کرنا اہم ہے کیونکہ7 اپریل 2021 کو، فیفا نے تیسرے فریق کی مداخلت کی بدولت ، پاکستان فٹ بال فیڈریشن کو معطل کر دیا تھا، یہ دخل اندازی فیفا کے قوانین کی ایک سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا ایسے وقت پاکستان کے فٹبالرز کی حالت زار کو بین الاقوامی سطح پہ اجاگر کرنے کے لیے پاکستانی فٹ بالروں کے جذبہ اور لگن سے بھرپور دستاویزی فلم، پاکستان کا نام عالمی فٹ با ل برادری میں اجاگر کرنے میں ایک اہم سنگ مل ثابت ہو گی۔ حال ہی میں یہ دستاویزی فلم کنگز کر اس فلمز ایوارڈز، لندن، برطانیہ میں نمائش کیلئے پیش کی جاچکی ہے۔