• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی سے لوگ مطمئن نہیں،پی ٹی آئی میں بغاوت کا خدشہ ہے، تجزیہ کار


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی اور تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا ہے کہ نواز شریف ن لیگ کی قیادت کی طرف سے کسی خدشہ کا شکار نہیں، مہنگائی اور بیروزگاری کی وجہ سے لوگ حکومت سے مطمئن نہیں ہیں، پی ٹی آئی میں اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مخاصمت کا نیا رویہ شروع ہوا اس کی وجہ سے پارٹی میں بغاوت کا خدشہ ہے

سینئر صحافی و تجزیہ کار مجیب الرحمٰن شامی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا ووٹ بینک اپنی جگہ برقرار ہے، ن لیگ میں کوئی بھی لیڈر نواز شریف کیخلاف بغاوت نہیں کرسکتا

سینئر صحافی و تجزیہ کار سلیم صافی نے کہا کہ افغان طالبا ن نے نہ کبھی ٹی ٹی پی کی مذمت کی نہ ان سے لاتعلقی ظاہر کی تھی، پاکستان میں ہم نے جھوٹا بیانیہ بنا کر خود اپنے آپ کو بیوقوف بنایا ہوا تھا.

سینئر صحافی و تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا کہ نواز شریف ملک میں موجود ن لیگ کی قیادت کی طرف سے کسی خدشہ کا شکار نہیں ہیں، میری موجودگی میں نواز شریف کی شہباز شریف سے ٹیلیفون پر بات ہوئی، میں نے نواز شریف سے پارٹی میں دو بیانیوں کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے کہا کہ یہ طبیعتوں کا فرق ہے، میری اورشہباز شریف کی سوچ اور ٹارگٹ ایک ہی ہے کوئی اختلاف نہیں ہے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ نواز شریف کو تحریک عدم اعتماد اور کسی مداخلت کے بغیر عام انتخابات کی یقین دہانی کروائی گئی ہے.

نواز شریف نے مجھ سے کہا کہ عام انتخابات کسی مداخلت کے بغیر ہوجائیں گے لیکن کیا آئندہ حکومت کو بغیر مداخلت کے چلنے دیا جائے گا، مہنگائی اور بیروزگاری کی وجہ سے لوگ حکومت سے مطمئن نہیں ہیں.

پی ٹی آئی میں اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مخاصمت کا نیا رویہ شروع ہوا اس کی وجہ سے پارٹی میں بغاوت کا خدشہ ہے، احتجاج اور لانگ مارچ ہوں گے تو حکومت پر دباؤ بڑھے گا، نواز شریف کے جنوری یا فروری میں واپس آنے کا امکان نہیں ہے، نواز شریف نے مجھے کہا کہ کورونا کے بعد آپریشن کرواؤں گا اس کے بعد واپسی ہوگی۔

سینئر صحافی و تجزیہ کار مجیب الرحمٰن شامی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا ووٹ بینک اپنی جگہ برقرار ہے، ن لیگ میں کوئی بھی لیڈر نواز شریف کیخلاف بغاوت نہیں کرسکتا، ن لیگ میں صف اول کا کوئی شخص اپنی ڈیڑھ اینٹ کی الگ مسجد نہیں بنانا چاہتا ہے، تحریک انصاف میں کھلبلی مچی ہوئی ہے وہاں بہت سے لوگ اپنے مستقبل کے حوالے سے پریشان ہیں۔

مجیب الرحمٰن شامی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں شامل الیکٹ ایبلز آزاد حیثیت سے کسی دوسر ی جماعت کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کا سوچ رہے ہیں، پی ٹی آئی نے اپنے لوگوں کو روکنے کیلئے ن لیگ میں انتشار کی باتیں شروع کی ہیں، عمران خان کے ووٹ بینک میں کمی نظر آرہی ہے، پی ٹی آئی پر ووٹروں کا دباؤ برقرار رہا تو دوسری طاقتیں بھی غیرجانبدار ہوجائیں گی،نواز شریف واپس نہیں آتے تو شہباز شریف کو مشکل نہیں ہوگی۔

سینئر صحافی و تجزیہ کار سلیم صافی نے کہا کہ افغان طالبا ن نے نہ کبھی ٹی ٹی پی کی مذمت کی نہ ان سے لاتعلقی ظاہر کی تھی، پاکستان میں ہم نے جھوٹا بیانیہ بنا کر خود اپنے آپ کو بیوقوف بنایا ہوا تھا.

افغان طالبان کا پاکستان کے سامنے موقف ہے کہ ٹی ٹی پی نے ہمیں پناہ دی تھی اور ہمارے ساتھ مل کر امریکا کے خلاف لڑے تھے ،ان کو ہم دشمن نہیں بناسکتے البتہ ہماری خواہش ہے کہ یہ آپ سے نہ لڑیں، افغان طالبان ٹی ٹی پی کو نصیحت کررہے ہیں کہ پاکستان میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں نہ کریں، افغان طالبان کی روک ٹوک نہ ہوتی تو اس وقت پاکستان میں دہشتگردی کی بدترین صورتحال ہوتی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ اومیکرون ویریئنٹ بہت تیزی سے پھیلتا ہے ، این سی او سی نے اومیکرون کا پھیلاؤ کم کرنے کیلئے کچھ پابندیوں کا اعلان کیا ہے، کورونا کی گزشتہ لہروں میں کیسوں اور شدید بیمار لوگوں کا جو تناسب تھا وہ اومیکرون کی لہر میں بہتری کی طرف ہے۔

میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف حکومت کا اس وقت چوتھا سال ہے، اگلا سا ل الیکشن کا سال ہے، حکومت اپنے دعوے اور وعدے کے مطابق ملک کو تو مسائل سے نہیں نکال سکی لیکن خود مسائل کا شکار ہے، حکومت پر ملک کو مزید مسائل میں ڈالنے کا الزام ہے۔

اہم خبریں سے مزید