• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر قانونی چارجڈ پارکنگ کیخلاف درخواست ، KMC اور DMC جنوبی طلب



سندھ ہائیکورٹ نے غیر قانونی چارجڈ پارکنگ کے خلاف درخواست کی سماعت پر ڈائریکٹرچارجڈ پارکنگ کے ایم سی اور ڈی ایم سی جنوبی کو طلب کرلیا، ڈی ایم سی جنوبی سے پارکنگ ٹینڈر جاری کرنے سے متعلق تمام تفصیلات بھی طلب کرلی گئی ہیں۔

درخواست کی سماعت پرعدالت نے سوال کیا کہ کس گاڑی سے کتنی فیس وصول کی جاتی ہے، جو فیس وصول کی جاتی ہے کیا وہ کچھ گھنٹوں کیلئے ہوتی ہے پورے دن کیلئے؟ آپ جو پارکنگ کا ٹھیکہ دیتے ہیں اس کا آکشن کرتے ہیں؟

ڈی ایم سی جنوبی کے وکیل نے بتایا کہ ہم پارکنگ کا ٹھیکہ دینے سے متعلق ٹینڈر جاری کرتے ہیں، عدالت نے پوچھا کہ جو پیسے آپ کو ٹھیکے میں ملتے ہیں وہ کہاں استعمال کرتے ہیں؟، وکیل ڈیم ایم سی جنوبی نے جواب دیا کہ پارکنگ کے ٹھیکے سے روڈ بناتے ہیں اور فٹ پاتھ وغیرہ کا کام کرتے ہیں۔

عدالت نے سوال کیا کہ بیچ روڈ پر ڈسٹ بن کے ڈبے موجود ہوتے ہیں انہیں ہٹانا کس کا کام ہے؟ ڈیم ایم سی کے وکیل نے بتایا کہ ڈسٹ بن وغیرہ اٹھانا سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا کام ہے۔

عدالت نے کہا کہ روڈ پر تین تین لائن پارکنگ ہوتی ہے یہ آپ کی ہے ؟ڈی ایم سی کے وکیل نے کہا کہ ہماری پارکنگ میں صرف ایک لائن کی اجازت ہے ۔جہاں پر تین لائن کی پارکنگ ہے وہاں ٹریفک پولیس کارروائی کرتی ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ جگہ جگہ پارکنگ ہے چھوٹے بچے پارکنگ فیس وصول کرتے ہیں،کہیں پر افغانی لوگ فیس وصول کرتے ہیں، ڈی ایم سی کے وکیل نے کہا کہ غیر قانونی پارکنگ وصول کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرائے ہیں۔عدالت نے تمام فریقین سے 21 فروری تک جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔


قومی خبریں سے مزید