• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سنگل ونڈو نے کام شروع کردیا، سات بنکوں کو منسلک کیا جاچکا

اسلام آباد(تنویر ہاشمی ) پاکستان سنگل ونڈو کے سی ای او آفتاب حیدر نے کہا ہےکہ وزارت دفاع کے اداروں سمیت ملک کے 74حکومتی اداروں کو2024تک مرحلہ وار پاکستان سنگل ونڈو کے پلیٹ فارم سے منسلک کر دیا جائیگا۔

ملک کے 29بنکوں کو پاکستان سنگل ونڈو کے ساتھ منسلک کر کے فارم ای اور فارم آئی ختم کر دیئے جائیں گے اب تک سات بنکوں کو منسلک کیا جاچکا ہے، پاکستان سنگل ونڈو نےکام شروع کر دیا ہے، جو کنسائمنٹ دنوں میں کلیئر ہوتی تھی 10منٹ سے ایک گھنٹہ میں کلیئر ہو جائے گی،پہلے مرحلےمیں پانچ بڑے اداروں سٹیٹ بنک آف پاکستان ، ڈیپارٹمنٹ آف پلانٹ پروٹیکشن ، اینمل کورنٹین ڈیپارٹمنٹ، فیڈرل سیڈسرٹیفکیشن اور پی ایس کیو سی اے کو منسلک کر دیا گیا ہے۔

اس سے کسٹم اور ریگولیشن سے 60سے 70فیصد تجارت اس کے تحت آجائے گی، پانچ اداروں کا افتتاح مارچ میں کر دیا جائیگا۔’’جنگ‘‘ کو خصوصی انٹرویو میں آفتاب حیدر نےکہا کہ پاکستان سنگل ونڈو پروگرام کے قیام کےلیے پارلیمنٹ نے ایکٹ بنایا ہے جس کے تحت پاکستان سنگل ونڈو ایک بااختیار اتھارٹی کے طورپر کام کرے گا اور تما م ادارےتجارت کی حد تک اپنےتمام قوانین، رولز ، ریگولینشنز کو پاکستان سنگل ونڈو کے بتائے ہوئے طریقہ کارکے تحت مرتب کرنے کے پابند ہونگے۔

دسمبر 2023تک مزید32اداروں کو منسلک کر نے کا ہدف ہے۔تجارت کےلیے کسٹم کی 29دستاویزات ختم ہو جائیں گی ، پہلے جو کنسائمنٹ کئی دنوں میں کلیئر ہوتی تھی،10منٹ سے ایک گھنٹہ میں کلیئر ہو جائے گی۔

ڈیٹا سینٹر کا قیام بھی عمل میں لاِیاجارہا ہے اس کےلیے ایشیائی ترقیاتی بنک نے ایک کروڑ ڈالر منظور کیے ہیں۔پاکستان سنگل ونڈ و کے قیام کےلیے 6کروڑ 70لاکھ ڈالر لاگت آئے گی جس میں سے پانچ کروڑ ڈالر ایشیائی ترقیاتی بنک،برطانیہ 50لاکھ ڈالر قرضہ دے گا۔

مختلف بندرگاہوں بھی پاکستان سنگل ونڈو سے منسلک کیا جارہاہے ،جس میں کراچی ، پورٹ قاسم اور گوادر کی بندرگاہیں شامل ہیں۔ڈریپ کو بھی سنگل ونڈو سے منسلک کر دیاجائیگا۔

سنگل ونڈو کی ٹریڈ ٹیکنالوجی کےذریعے انڈر انوائسنگ اور اوور انوائسنگ کا خاتمہ ہو جائے گا دیگر ممالک کا ڈیٹا پاکستان سنگل ونڈو پر دستیاب ہوگا جس سے انڈرانوائسنگ نہیں ہو سکے گی۔چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار والوں کےلیے کہا کہ وہ اب صرف ایک این ٹی این نمبر کے حصول کے بعد اپنی درآمدات اور برآمدات شروع کر سکیں گے۔

اہم خبریں سے مزید