• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی پی اور گیلانی کا بل کی بالواسطہ سپورٹ پر شکریہ، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سینیٹ میں اپوزیشن کی کاغذی اکثریت بل نہیں روک سکی، اس بری شکست کے بعد اپوزیشن کو اب سکون آ جائے گا، پیپلز پارٹی اور یوسف رضا گیلانی کا شکریہ کہ انہوں نے بل کو ملک کے مفاد میں بالواسطہ سپورٹ کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ سے بل کی منظوری کے بعد آئی ایم ایف کی شرائط پوری ہو گئیں۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کو سیاسی مداخلت سے آزاد کیا گیا ہے، آئی ایم ایف کے معاہدے سے کریڈٹ ریٹنگز بہتر ہو جاتی ہیں، اپوزیشن کا حال بھان متی کے کنبے کا ہے، منتشر اپوزیشن کو ناکارہ حکمت عملی کے نتیجے میں ایک اور شکست ہوئی۔

وفاقی وزیر کاکہنا تھا کہ نئے شہر بسانا حکومت کا حق ہے، پارلیمنٹ کا اختیار پارلیمنٹ کے پاس اور ایگزیکٹو کا اختیار ایگزیکٹو کے پاس رہنا چاہیے، لاہور اور شیخوپورہ کے درمیان ایک لاکھ دو ہزار ایکڑ پر نیا شہر بنا رہے ہیں۔

ان کاکہنا تھا کہ وزیراعظم اور کابینہ ارکان پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں،

فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ شاہد خاقان عباسی اور کچھ دوست نواز شریف کے خلاف عدم اعتماد لانے کا ارادہ رکھتے ہیں، نواز شریف آ نہیں رہے بلکہ انہیں لایا جا رہا ہے، کوٹ لکھپت جیل میں ان کے لئے نئے کمرے اور باتھ روم تیار کروا رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن اپنا منجن اور حلوہ بیچنے کے چکر میں ہیں وہ ریلو کٹے ہیں جن کو کبھی پیپلز پارٹی اور کبھی مسلم لیگ نون پکڑ لیتی ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ مسلم لیگ ق اہم اتحادی ہے، اتحادیوں کے ساتھ پہلے بھی معاملات حل کیے، اب بھی معاملات ٹھیک ہیں۔

قومی خبریں سے مزید