• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیلر سوئفٹ کے گھر میں داخلے کی کوشش پر ایک شخص گرفتار

امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کی نیویارک میں واقع رہائشگاہ میں داخلے کی کوشش کرنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق واقعہ جمعرات کی صبح پیش آیا جب ایک شخص نے ٹیلر سوئفٹ کے اپارٹمنٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق فی الحال یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ واقعے کے وقت امریکی گلوکارہ گھر پر موجود تھیں یا نہیں۔

امریکی میڈیا نے نیویارک پولیس کے حوالے سے بتایا کہ عینی شاہدین نے ایک شخص کو غلط طریقے سے گاڑی چلانے کی اطلاع دی۔

لوگوں نے بتایا کہ وہ شخص پہلے گلی میں ایک پورٹیبل بیت الخلا اور پھر فٹ پاتھ کے ایک حصے سے ٹکرایا۔

مذکورہ شخص نے گاڑی سے باہر نکلنے کے بعد ٹیلر سوئفٹ کی رہائشگاہ کے انٹرکام سسٹم کو کھینچ کر ہٹانے کی کوشش کی۔

پولیس نے مطابق مذکورہ شخص نے ایک بار پھر گھر تک رسائی کی کوشش اور ناکامی پر واپس لوٹ گیا، بعدازاں افسران کے رابطے پر اسے تحویل میں لے لیا گیا۔

نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ کے مطابق اس پورے واقعے میں عمارت کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

پولیس کے مطابق مذکورہ شخص پر نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ گاڑی سے شراب کی ایک بوتل بھی ملی ہے جبکہ اس کے منہ سے بو بھی آرہی تھی۔

امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق 32 سالہ گلوکارہ اس سے قبل بھی دھمکیوں، گھر پر حملے اور تعاقب کا نشانہ بن چکی ہیں۔

وہ چند سال قبل ایک انٹرویو میں مزاحیہ انداز میں کہہ چکی ہیں کہ وہ اس بات کو خفیہ رکھتی ہیں کہ وہ کہاں ہیں، کیونکہ میرے تمام گھروں کے پتے انٹرنیٹ پر ہیں اور لوگ بن بلائے آجاتے ہیں، جیسے انہوں نے خیالات میں مجھ سے شادی کررکھی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید