• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا ٹیسٹ کٹ کی میڈیکل اسٹورز پر فروخت کی اجازت


وفاقی وزارت صحت نے کورونا ٹیسٹ کٹ میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز پر فروخت کرنے کی اجازت دیدی ہے، شہری اپنا کورونا ٹیسٹ خود کرسکیں گے۔

کورنا ٹیسٹ کٹ شہریوں کو فروخت کرنے کی اجازت کا فیصلہ اسلام آباد میں میڈیکل ڈیوائس بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا ۔

بورڈ کے مطابق ریپڈ اینٹی جن کورونا کی تشخیص کا آسان اور سادہ طریقہ ہے ، اس طرح کے انفرادی ٹیسٹ سے کورونا وائرس کے دوسروں میں منتقل ہونے کا خدشہ کم ہوجاتا ہے۔

واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 6 ہزار 47 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 29 مریض اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ مزید9 ہزار 590مریض شفایاب ہو گئے۔

پاکستان بھر میں اب تک 29 ہزار 330 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس کے کُل مریضوں کی تعداد 14 لاکھ 36 ہزار 413 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 1 لاکھ 2 ہزار 103 زیرِ علاج مریضوں میں سے 1 ہزار 559 کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 13 لاکھ 4 ہزار 980 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 61 ہزار 190 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 2 کروڑ 51 لاکھ 34 ہزار 775 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید