• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم یہاں پلاٹ اور حکومت لینے کیلئے نہیں بیٹھے، مصطفیٰ کمال

چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ہم یہاں پلاٹ اور حکومت لینے کے لئے نہیں بیٹھے ہیں، ہم لوگوں کی مشکلات کم کرنا چاہتے ہیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہمیں سرد راتیں سرد نہیں لگ رہیں، ہمیں مٹی کا طوفان برا نہیں لگ رہا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ فیصلے کے خلاف نظرثانی میں جائے گی،سندھ کے حوالے سے جو فیصلہ آیا کیا وہ نافذ ہوگا، نظرثانی پر سماعت ہوگی، درخواست مسترد ہوگی تو قانون سازی ہوگی، ہم جعلی جشن نہیں منائیں گے، باتوں سے یہ کام نہیں چلنا، اس لئے ہم یہاں بیٹھے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارا یہاں بیٹھنا عبادت ہے، کراچی کے عوام نے اپنی کوشش کرلی ہے، یقین ہے اللّٰہ کی مدد آئے گی، ہم کامیاب ہیں، ہمارا یہاں بیٹھنا ہی کامیابی ہے، لوگوں کو شعور آگیا ہے، لوگ اپنا حق لیں گے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ عدالتی فیصلہ جو آیا ہے اس میں تو درخواست گزار نے فریاد کی ہی نہیں تھی، صوبائی مالیاتی کمیشن کا کوئی نظام ہی نہیں تھا، اختیارات کو منتقل نہیں کرتے تو 18 ترمیم رول بیک ہو جائے گی۔

خیال رہے کہ پاک سرزمین پارٹی کی جانب سے بلدیاتی قانون کے خلاف کراچی کے فوارہ چوک پر پانچ روز سے دھرنا جاری ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے ایم کیو ایم پاکستان کی سندھ میں بلدیاتی اختیارات کی منتقلی کی درخواست نمٹاتے ہوئے فیصلہ جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ حکومتِ سندھ بااختیار بلدیاتی ادارے قائم کرنے کی پابند ہے۔

سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے محفوظ کیا گیا فیصلہ پڑھ کر سناتے ہوئے کہا کہ ماسٹر پلان بنانا اور اس پر عمل درآمد کرنا بلدیاتی حکومتوں کے اختیارات ہیں، بلدیاتی حکومت کے تحت کوئی نیا منصوبہ صوبائی حکومت شروع نہیں کر سکتی۔

قومی خبریں سے مزید