• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
مبارک با شد ! مقابلے کے کسی نامعلوم امتحان میں شرکت کرنے والے امیدواروں کے لئے خوشخبری ہے کہ امتحان ہذا کا جنرل نالج کا پرچہ ارباب ادارہ اور بوٹی مافیا کے باہمی تعاون سے آؤٹ ہو گیا ہے ، جسے ہم فی سبیل اللہ نقل کر رہے ہیں ۔ امیدوار خواتین و حضرات سے گزارش ہے کہ وہ جذباتی ہوکر اس سکھ جیسا طرزِ عمل اختیار کرنے سے اجتناب کریں ، جسے معلوم ہوا کہ پیپر لِیک ہو گیا ہے تو وہ کمرہ امتحان میں اپنے ساتھ پلمبر کو لے گیا۔ نیز جلد بازی میں کتابوں یا لائبریریوں کا رخ کر کے قومی تشخص مجروح کرنے سے بھی باز و ممنوع رہیں ۔ بلھے شاہ نے فرمایا ہے ”کیوں پڑھنا ایں گڈ کتاباں دی /سر چانا ایں پنڈ عذاباں دی “…ہماری ذاتی لائبریری میں ٹیسٹ پیپرز اور گائیڈز کا وسیع ذخیرہ موجود ہے ، جس کی مدد سے ہم نے اب تک کے تمام امتحانات الحمدللہ امتیازی نمبروں سے پاس کیے ہیں ۔ ہم اس ذخیرے سے پرچہ ہذا کے مشکل سوالات کے جوابات تلاش کر کے آئندہ کے کالموں میں نقل کریں گے کہ ”ہے زندگی کا مقصد ، اوروں کے کام آنا“…آج فقط آؤٹ ہونے والا سوالنامہ ملاحظہ فرمائیں ۔ لکھا ہے :
مندرجہ ذیل میں سے دس سوالوں کے جواب لکھیں ۔ تمام سوالات کے نمبر برابر ہیں ۔
۱۔ورثے میں ملنے والے مسائل کی تعریف کریں ۔ ہماری ہر حکومت کو مسائل ورثے ہی میں کیوں ملتے ہیں ؟ وہ خود کیوں نہیں پید اکر لیتی جبکہ اس کے پاس وزیروں اور مشیروں کی فوج ظفر موج موجود ہوتی ہے ؟
2۔ کیدو کی حیات و خدمات پر مفصل نوٹ لکھیں اور ان کی روشنی میں دلائل سے ثابت کریں کہ جذبہ صادق ہو تو جسمانی معذوری کسی مقصد اولیٰ کے حصول میں رکاوٹ نہیں بن سکتی ۔
3۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ڈینگی وائرس اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لئے کون کون سے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ؟ تجاویز دیں۔ 4۔ قلم سے جھوٹ لکھنے اور ازار بند ڈالنے میں کیا فرق ہے ؟ نیز مثالوں سے واضح کریں کہ ہر دو میں سے کون سا استعمال قلم کے حق میں بہتر ہے ؟
5۔ کسی مشاعرے کا آنکھوں دیکھا حال بیان کریں۔
6۔ قائداعظم کے افکار و نظریات کی روشنی میں ان کے تصور ریاست و حکومت پر بحث کریں ۔ 7۔ مفکرین کی آراء کی روشنی میں شعورو آگہی کے نقصانات بیان کریں ۔نیز ثابت کریں کہ آنکھیں اور کان نہ ہوں تو دماغ آسودہ رہتا ہے ۔8۔ ضمیر کی تعریف کریں ۔ ضمیر کی خلش کیا بلا ہے ؟ مختصر نوٹ لکھیں ۔
9۔ ”تحریک بحالی آمریت“ کی تاریخ ، اغراض و مقاصد اور کامیابیوں پر جامع نوٹ لکھیں ۔
10۔ کم از کم پانچ فٹ لمبے دلائل سے ثابت کریں کہ ہمارے ملک میں قدرتی آفات ،شرمناک شرح خواندگی ،اقرباء پروری ، بے تحاشہ آبادی ، ملاوٹ، جعلی ادویات ، ذخیرہ اندوزی ،چوری ، ڈکیتی ،فراڈ وغیرہ امریکی و یورپی سازشوں کا شاخسانہ ہیں ۔ (نوٹ: اس سوال کے نمبر ماپ کر دیئے جائیں گے )۔11۔دو قومی نظرئیے پر موجودہ حالات کے تناظر میں بحث کریں ۔ 12۔لوڈ شیڈنگ کے انسانی مزاج پر کیا خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں ؟نیز ایک پیشہ ور عاشق کی حیثیت سے لوڈ شیڈنگ اور موبائل فون کے فوائد پر تفصیلی نوٹ لکھیں ۔ 13۔ کسی ایسے سیاستدان ،مولوی ، جنرل یا جج کی حیات و خدمات پر نوٹ لکھیں ، جس کا ماضی داغدار نہ ہو۔14۔ کھانے کے آداب لکھیں ، نیز مفصل بیان کریں کہ ”کھانے“ کے درمیان میں پانی پینا یا حج و عمرہ کرنا کیوں ضروری ہے ؟
15۔ سی ون تھرٹی ہرکو لیس طیارے کی تاریخ اور خدوخال بیان کریں ۔ نیز کسی قوم پر اس کے ایک بڑے احسان کی تفصیل لکھیں ؟
16۔ توانائی کا بحران اور آبادی بڑھانے میں بالترتیب وزارت پانی و بجلی اور وزارتِ بہبود آبادی کی خدمات کا تفصیلی جائزہ لیں ۔
17۔ ”زنگ آلود نظریات“ اور” دیمک زدہ خیالات “ کی تعریف کریں ۔ نیز ان میں فرق بیان کریں ۔
18۔دیئے گئے الفاظ کی مدد سے خالی جگہ پر کریں ۔
(ا) کرپشن میں ملوث افراد کو اکثر …کا حلف اٹھاتے دیکھا گیا ہے ( بے گناہی ۔وزارت) ۔ (۲) نظریاتی لیڈر …مرتبہ پارٹی تبدیل کر سکتا ہے (دس۔ لا تعداد )۔ (۳) ہم …قوم ہیں (غیور۔ کشکول بدست) ۔(۴) فرقہ واریت ،دہشت گردی ، ہیروئن ، کلاشنکوف یا آئین کی پامالی کا خیال آتے ہی …کا نام نامی اسم گرامی ذہن میں جگمگا اٹھتا ہے ۔ ( ضیاء الحق ۔ ضیاء الحق ) ۔ (۵) …نے ہماری زندگی اجیرن کردی ہے (موبائل فون ۔ لاؤڈ اسپیکر)۔ (۶) عوام کے ساتھ ہمدردی کے …رچائے جاتے ہیں (ڈھونگ ۔ ڈھکوسلے ) ۔ (۷) ہمارے ہاں اخلاقیات اور معقولیات کی بنیادیں …ہو چکی ہیں (منہدم ۔ زمین بوس)۔ (۸) رقص…پہن کر بھی کیا جاتا ہے (زنجیر۔ کھلے گلے کی قمیص ) ۔ (۹) ہم نے لائن بنانے کی حماقت …کی (نہیں ۔ کبھی نہیں ) ۔ (۰۱) …ہماری پہچان ہے (ملالہ یوسفزئی ۔ اجمل قصاب ) ۔ (۱۱) منتخب حکومتوں کو آزادی سے چلنے دیا جائے تو وہ …ہو جاتی ہیں ( پختہ کار ۔ شتر بے مہار ) ۔ (۲۱) خواتین میں معاملات بگاڑنے کی صلاحیت مردوں سے …زیادہ ہے (دوگنا۔دس گنا) ۔ (۳۱) بڑھتی ہوئی …نقصان دہ ہے (افراط زر ۔ وزراء کی تعداد)۔ (۴۱) جمہوریت بحال ہوتے ہی کچھ لوگوں کو …کے دورے پڑنا شروع ہوجاتے ہیں ( خوشی ۔ تشنج) ۔ (۵۱) … حقیقی معنوں میں دلیر آدمی ہے ( سکندر۔ زمرد خان)۔ (۶۱)ہماری ملی غیرت کو تگنی کا ناچ نچانے کے بعد ریمنڈ ڈیوس کا معاملہ …ہو چکا ہے ( ہوا۔ قصہ پارینہ ) ۔
تازہ ترین