کراچی(ٹی وی رپورٹ)جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف اور مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر نے کہا ہے کہ نواز شریف کو باہر بھیجنے کا فیصلہ وفاقی کابینہ نے کیا تھا، ہم یہ مانتے ہی نہیں کہ نواز شریف مجرم ہیں، ہم پوچھتےہیں کہ نواز شریف کی جیل میں طبیعت کیوں خراب ہوئی تھی؟، ماہر بین الاقوامی امور سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ امریکا نے وزیراعظم کے دورئہ چین کے موقع پر دوستی کا مثبت پیغام دیا ہے،امریکا نے خاموشی سے طالبان حکومت کیخلاف کافی اقتصادی پابندیاں ہٹادی ہیں۔ ترجمان خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ پشاور میں بھتہ خوری میں ٹی ٹی پی کے لوگ ملوث ہیں لیکن ہر واقعہ کے پیچھے وہ نہیں ہیں، بھتہ خوری کے زیادہ تر واقعات میں ٹی ٹی پی کا صرف نام استعمال ہورہا ہے۔ نواز شریف اور مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ میں نے نواز شریف کی ہفتوں یا مہینوں میں واپسی کی بات نہیں کی، ڈاکٹرشال کی رپورٹ میں واضح طور پر نواز شریف کے سفرکرنے کو ہائی رسک قرار دیا گیا ہے، نواز شریف کی صحت پاکستان میں کیوں اتنی خراب ہوئی وہ وجوہات اہم ہیں، نواز شریف کی واپسی سے متعلق میری ،جاوید لطیف یا ایاز صادق کی رائے سے زیادہ اہم ڈاکٹر کی رائے ہے۔