• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
السلام علیکم! یہ ریڈیو پاکستان ہے، خالد حمید سے خبریں سماعت فرمائیے۔ آج ملک میں تمام شدت پسند جماعتوں نے ہتھیار پھینک کر حکومت سے غیر مشروط مذاکرات کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حکومت کی تشکیل کردہ قومی سکیورٹی پالیسی کے نتیجے میں تمام سیاسی جماعتوں سے اتفاق رائے کے بعد دہشت گردوں کے خلاف آج سے ایک ماہ قبل فیصلہ کن فوجی آپریشن شروع کیا گیا تھا۔ اس فوجی آپریشن کے نتیجے میں اب تک تمام دہشت گرد اور کالعدم تنظیموں کے سرکردہ رہنما وٴں اور ان کے تربیت یافتہ جنگجو وٴں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی تصاویر ان کے دہشت گردی کے منصوبوں کی تفصیل کے ساتھ وزارت داخلہ کے انسداد دہشت گردی کے خصوصی ادارے کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دی گئی ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ شدت پسندوں کی طرف سے مذاکرات کی پیشکش خوش آئند ہے تاہم مذاکرات کے نتیجے میں کسی ایسے شخص کو رہا یا معاف نہیں کیا جائے گا جو آئین پاکستان اور ریاست کے قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا ہو۔ ترجمان نے واضح کیا کہ آخری دہشت گرد کی ہلاکت تک فوجی آپریشن جاری رہے گا تاہم اس دوران جو گروہ غیر مشروط معافی مانگ کر ہتھیار پھینک دیں گے ان کے خلاف آپریشن نہیں ہوگا۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں نے اس پیش رفت کوپاکستان کے لیے ایک عظیم کامیابی قرار دیا ہے۔ بی بی سی نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستانی حکومت گو مگو کی کیفیت سے نکلنے کے بعد با لآخر اب دہشت گردی کے عفریت پر قابو پا نے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ امریکی صدر نے بھی اسے پاکستان کی ایک تاریخی کامیابی قرار دیا ہے ، وہائٹ ہاوٴس سے جاری ایک بیان کے مطابق امریکی صدر نے پاکستانی وزیر اعظم کو آج سہ پہر فون کر کے مبارکباد دی اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اپنے منطقی انجام کو پہنچ گئی۔ جواب میں پاکستانی وزیر اعظم نے امریکی صدر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مستقبل میں ڈرون حملوں کا اب کوئی جواز نہیں رہا کیونکہ پاکستانی سر زمین پر اب کوئی دہشت گرد باقی نہیں بچا۔ امریکی صدر نے یقین دلایا کہ وہ ڈرون حملوں کی پالیسی پر فی الفور نظرثانی کا حکم جاری کریں گے اور اس ضمن میں پاکستانی تحفظات کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔
ڈرون حملوں سے متعلق امریکی صدر کی یقین دہانی کے بارے میں سینئر تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس بیان سے واضح طور پر امریکی پالیسی میں تبدیلی کا اشارہ ملتا ہے۔ ایک غیر ملکی اخبار کے مندوب نے ریڈیو پاکستان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں پاکستانی سرزمین پر ڈرون حملوں کا امکان نہایت معدوم دکھائی دیتا ہے۔ اخبا ر نویس کا کہنا تھا کہ امریکہ نے اس سے قبل اس قدر واضح انداز میں ڈرون حملوں کی پالیسی میں تبدیلی کا اشارہ نہیں دیا۔ کراچی میں آج انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث تین مجرمان کو پھانسی کی سزا سنائی۔ واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کے قانون میں ترمیم کے بعد یہ پہلا مقدمہ ہے جس کے تحت مجرمان کو سزا ہوئی ہے۔ اس ترمیم کے نتیجے میں کیے جانے والے انتظامات کے تحت جج صاحبان ، وکلاء اور گواہان شناخت ظاہر کیے بغیر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے مقدمہ کی کاروائی کا حصہ بنتے ہیں اور پورا مقدمہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عمارت میں سنا جاتا ہے۔
ایک پاکستانی سائنس دان کی تحقیق کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ زمین کے علاوہ بھی کائنات کے دیگر سیاروں میں مخلوق موجود ہے جس سے رابطہ ممکن ہے۔ امریکی جرنل میں شائع ہونے والے اپنے مقالے میں پاکستانی سائنس دان ڈاکٹر دانش نے نہایت عرق ریزی سے مکمل کی گئی اپنی تحقیق میں ثابت کیا ہے کہ دیگر سیاروں میں زندگی موجود ہونے کے ٹھوس ثبوت ان کے مشاہدے میں آئے ہیں جو ناقابل تردید ہیں ، ان شواہد کی موجودگی میں یہ بات کہی جا سکتی ہے کہ زمین سے ان سیاروں تک رابطہ کیا جا سکتا ہے جہاں ، بقول ان کے، intelligent lifeموجود ہے۔ پاکستانی سائنس دان کے اس انکشاف نے دنیا بھر میں تہلکہ مچا دیا ہے۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اگر یہ تحقیق درست ثابت ہوئی تو یہ اس صدی کی عظیم ترین دریافت ہو گی۔ ادھر امریکی خلائی ادارے ناسا نے ڈاکٹر دانش کو دعوت دی ہے کہ وہ اپنی تحقیق کا کام ناسا کی مدد سے مکمل کر سکتے ہیں۔وفاقی وزیر برائے بہبود آبادی نے کہا ہے کہ حکومت کا ہدف ہے کہ آئندہ پانچ برسوں میں آبادی کی شرح میں کم از کم ڈیڑھ فیصد کمی کی جائے گی اور اگر ضرورت محسوس ہوئی تو اس ضمن میں حکومت بچے پیدا کرنے کی تعداد پر پابندی بھی لگا سکتی ہے۔ یہ بات آج انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں کہی۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اس قسم کی پابندی ہی آبادی کی شرح کم کرنے کا واحد راستہ ہے کیونکہ پاکستان میں دیگر تمام طریقے ناکام ہو چکے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی گروہ کی طرف سے اگر اس پالیسی کے خلاف مزاحمت کی گئی تو اسے سختی سے نمٹا جائے گا۔آج پارلیمنٹ نے ”قانون برائے حقوق تحفظ نسواں“ میں ترمیم کی منظوری دے دی۔ اس ترمیم کی رو سے مرد کی طرف سے عورت کو طلاق دینے کی صورت میں عورت کو مرد کی جائیداد میں سے نصف حصہ ملے گا۔قانون کے مطابق طلاق کے بعد مرد اپنی جائیداد کو اس وقت تک استعمال نہیں کر سکے جب تک وہ سیشن جج کے روبرو اپنی جائیداد کا نصف حصہ مطلقہ بیوی کے نام نہیں کرے گا۔ آزادیٴ نسواں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس قانونی ترمیم کا خیر مقدم کیا ہے۔
حکومت نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ سال ملک بھر میں مردم شماری کرائی جائے گی۔ محکمہ شماریات کے ترجمان کے مطابق مردم شماری بیک وقت پورے ملک میں شروع کی جائے گی اور اس ضمن میں پورے عمل کو شفاف رکھا جائے گا تاکہ آبادی کے کسی حصے کو اعتراض کا موقع نہ مل سکے۔ ترجمان نے بتایا کیا کہ مردم شماری کے نتیجے میں حاصل ہونے والے اعداد و شمار کے بعد حکومت نئے سرے سے وسائل کی تقسیم کا جائزہ لے گی اور اس ضمن میں صوبوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔اور اب کھیلوں کی خبریں۔آج پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں دس وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں وائٹ واش مکمل کر لیا۔ پرتھ میں کھیلے جانے والے اس ٹیسٹ میچ میں کئی ریکارڈ قائم ہوئے جن میں یہ ریکارڈ بھی شامل ہے کہ پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف اس کے ہوم گراوٴنڈ پر نہ صرف پہلی ٹیسٹ سیریز جیتی بلکہ پہلا وائٹ واش بھی کیا۔ اس تاریخ ساز کامیابی کے بعد پاکستان آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر آ گیا ہے۔ادھر ہاکی کے عالمی مقابلے کے فائنل میں پاکستان کا مقابلہ کل اپنے روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔ پاکستان اور بھارت کئی دہائیوں کے بعد ہاکی کے عالمی کپ کے فائنل میں مد مقابل آئے ہیں۔اور اب کچھ خبر کاروبار کی۔ آج اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ۔ اقتصادی ماہرین کے مطابق ڈالر کی قیمت میں کمی کی پاکستانی برآمدات میں اس برس نوٹ کیا گیا حیرت انگیز اضافہ ہے۔اور اب موسم کا حال۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک بھر میں موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے ۔ میدانی علاقوں میں درجہ حرارت بیس سے بائیس ڈگری تک رہے گا جبکہ ملک کے شمالی علاقوں میں موسم نسبتاً سرد رہنے کا امکان ہے۔ زرعی ماہرین کے مطابق کاشتکاروں کے لیے یہ موسم بے حد سازگار ہے۔
تازہ ترین