• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: عام پولیس اہلکاروں پر ٹریفک چالان کرنے پر پابندی


ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے مختلف عہدوں کے پولیس افسران پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے چالان کرنے کی پابندی عائد کر دی ہے جس کے بعد کراچی میں اب صرف ٹریفک سیکشن آفیسرز ہی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چالان کرنے کے مجاز ہوں گے۔

ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن نے کراچی پولیس چیف کے عہدے کا چارج لینے کے بعد کراچی پولیس آفس میں پہلا اہم اجلاس منعقد کیا۔

اجلاس میں شہر میں ٹریفک کی روانی میں بہتری کے لیے ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ڈی آئی جی ٹریفک کو ہدایت کی کہ اب صرف سیکشن آفیسرز کو چالان کرنے کا اختیار دیا گیا ہے، ایس او کا ماتحت عملہ چالان کرنے کا مجاز نہیں ہو گا۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کی زیرِ صدارت کراچی پولیس آفس میں ہونے والے اجلاس میں افسران شریک ہیں
ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کی زیرِ صدارت کراچی پولیس آفس میں ہونے والے اجلاس میں افسران شریک ہیں

شہر میں اسٹریٹ کرائم اور منشیات پر قابو پانے کے لیے مؤثر حکمتِ عملی ترتیب دی گئی، پولیس پیٹرولنگ بڑھانے اور گرفتار ملزمان کے خلاف درج مقدمات کی تفتیش میں بہتری کے احکامات جاری کیے گئے۔

اجلاس میں مفرور و اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے ڈسٹرکٹ ایس ایس پیز اور انویسٹی گیشن ایس پیز کو مشترکہ طور پر سنجیدہ اقدامات کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔

مددگار 15 کی مجموعی کارکردگی پر ڈی آئی جی مقصود میمن نے اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن کو بریفنگ دی۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کراچی پولیس آفس میں افسران سے خطاب کر رہے ہیں
ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کراچی پولیس آفس میں افسران سے خطاب کر رہے ہیں

تھانوں کی سطح پر تضویض شدہ بجٹ کے استعمال اور اس کے مثبت نتائج پر ڈسٹرکٹ ایس ایس پیز نے بریفنگ دی۔

شہر میں موٹر سائیکل کی چوری کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام اور سدباب کے لیے ایس ایس پی اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کو مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔

اجلاس میں حکام نے بتایا کہ جرائم کی سرپرستی اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث اہلکاروں کی اسکروٹنی کا عمل جاری ہے، ملوث اہلکاروں کے خلاف قانونی و محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ کرائم سین یونٹ بہترین انداز میں کام کر رہا ہے، اس کی صلاحیتوں کو مزید بڑھایا جائے گا۔

اجلاس میں ڈی آئی جی ایڈمن، ڈی آئی جی کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی، ڈی آئی جی ٹریفک سمیت زونل ڈی آئی جیز، ضلع ایس ایس پیز، ایس ایس پی اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل، ایس ایس پی اینٹی وائلنٹ کرائم سیل، ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ اور تمام ایس پی انویسٹی گیشنز نے شرکت کی۔

قومی خبریں سے مزید