• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منی بجٹ کے اثرات، سیلز ٹیکس چھوٹ ختم، 100 مفت آپریشن رک گئے


وفاقی حکومت کے منی بجٹ کے اثرات سامنے آنے لگے، طبی سامان پر سیلز ٹیکس چھوٹ ختم ہونے کے بعد 100 مفت آپریشن رک گئے۔

منی بجٹ میں طبی سامان پر سیلز ٹیکس چھوٹ خاتمے کے بعد گھٹنے اور کولہے کی مفت تبدیلی کےلیے طبی سامان ایئرپورٹ پر روک لیا گیا ۔

معروف آرتھوپیڈک سرجن عمر برنی ہر سال امریکا سے آکر 100 مفت آپریشن کرتے ہیں۔

2016 سے ہر سال انڈس اسپتال میں گھٹنےکولہےکی تبدیلی کے100 مفت آپریشن ہوتے ہیں، منی بجٹ میں طبی سامان پر سیلز ٹیکس ڈیوٹی لگنے پر کسٹم نےسامان روک لیا۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق اس سال بھی اسپتال میں 100 مریضوں کے آپریشن کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے تھے، جن مریضوں کے آپریشن ہونا تھے انہیں اسپتال میں داخل بھی کرلیا گیا تھا۔

انتظامیہ کے مطابق انڈس اسپتال میں گھٹنے کولہے کی تبدیلی کے مفت آپریشن کی2027 تک کی تاریخیں دی جاچکی ہیں۔

ڈاکٹر عمر برنی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ طبی سامان پر 17 فیصد سیلز ٹیکس کے نفاذ کی وجہ سے آپریشن روکنا پڑے، طبی سامان اوورسیز پاکستانیوں کے چندے اور زکوٰۃ سے امریکا میں خریدا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال تمام آپریشن مفت میں کئے جاتے ہیں، طبی سامان روکے جانے سے اسپتال میں داخل مریض بھی پریشان ہیں۔

قومی خبریں سے مزید