• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد لانگ مارچ میں ہر شہری کا شامل ہونا لازم ہو گیا، شیری رحمٰن

پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد حکومت کے خلاف لانگ مارچ میں ہر شہری کا شامل ہونا لازم ہو گیا۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر کئے گئے سلسلہ وار ٹوئٹس میں شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ مسترد کرتے ہیں، گزشتہ روز عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود عوام پر پیٹرول بم گرایا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ کرنے سے پہلے ظالم حکمرانوں کو عوام پر رحم نہیں آیا؟، ایک ہی وقت پیٹرول کی قیمت میں 8 فیصد زائد اضافہ عوام دشمن حکومت ہی کر سکتی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تین سال میں فی لیٹر پیٹرول کی قیمت میں 65 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جب تک موجودہ حکمران مسلط رہیں گے ہر 15 دن بعد قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔

سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا کہ اس نااہل اور سلیکٹڈ حکومت کے خلاف پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ میں ہر شہری کا شامل ہونا اب لازم ہو گیا ہے، ان کا گھر جانا ہی اب عوام اور ملک کے مفاد میں ہے۔

خیال رہے کہ حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 12 روپے 3 پیسے ، ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 53 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 8 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 43 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید