پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اپوزیشن کی تنقید پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ردّ عمل دیتے ہوئے کہاہے کہ تنقید کریں مگر متبادل بھی بتائیں۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ کسی بھی تنقید کا اہم پہلو یہ ہوتا ہے کہ آپ متبادل دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تیل 60 سے 95 ڈالر پر پہنچ جائے تو حکومت قیمت کیسے نہ بڑھائے؟، کوئی جادو کا چراغ ہے تو اپوزیشن بتادے۔
واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے 3 پیسے، ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 53 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 8 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 43 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اپوزیشن کی جماعتوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔