• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ سے آنے جانے والی پروازوں کو یوکرینی فضائی حدود سے دور رہنے کا حکم

لندن (پی اے) برطانیہ کی پروازوں کو یوکرین کی فضائی حدود سے دور رہنے کا حکم دےدیا گیا ہے۔ یوکرین میں بحران شدت اختیار کرنے کے بعد برطانیہ کے ہوائی اڈوں پر آنے یا جانے والوں کویوکرین کی فضائی حدود میں داخل ہونےسے گریز کرنے کا حکم دیا جا رہا ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ گرانٹ شیپس نے کہا کہ انہوں نے یہ فیصلہ ’’راتوں رات ہونے والے خوفناک واقعات کے بعد‘‘ کیا جب روس نے ایک بڑا فوجی حملہ کیا۔ کابینہ کے وزیر نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ میں نے یوکے۔ سی اے اے (سول ایوی ایشن اتھارٹی) کو ہدایت کی ہے کہ وہ یقینی بنائیں کہ ائر لائنز مسافروں اور عملے کو محفوظ رکھنے کے لئے یوکرین کی فضائی حدود میں داخلےسے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم یوکرین کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس جارحیت کا جواب دینے کے لئے اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تازہ حالات کے باعث یوکرین کے ہوائی اڈوں پر آنے اور جانے والی برطانیہ کی پروازیں متاثر ہو رہی ہیں اور جو ملک کے اوپر سے پرواز کرنے والی تھیں۔ ویز ائر نے جمعرات کو لوٹن ائرپورٹ اور یوکرین کے شہروں کیف اور لیو کے درمیان اپنی پروازیں منسوخ کر دیں۔ ہنگری کی ائرلائن نے مسافروں سے کہا ہے کہ یوکرین میں موجودہ واقعات اور فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے کسی بھی ملک سے آنے اور جانے والی تمام پروازوں کو عارضی طور پر معطل کر دینا چاہئے۔ دفتر خارجہ نے اپنے سفری مشورے کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین کی فضائی حدود بند ہے۔ اس بات کا امکان ہے کہ یوکرین سے باہر تجارتی راستے بری طرح متاثر ہوں گے اور یوکرین بھر کی سڑکیں بند ہو سکتی ہیں۔ اس نے مزید کہا کہ روس کی فوجی کارروائی سے یوکرین میں قونصلر مدد فراہم کرنے کی برطانوی حکومت کی صلاحیت پر شدید اثر پڑے گا۔

یورپ سے سے مزید