• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوکرین میں خار کیف سے 70 پاکستانی طلباء کو نکال لیا گیا ہے: دفترِ خارجہ


پاکستانی دفترِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارت خانے نے روس سے جنگ سے متاثرہ یوکرین کے شہر خار کیف سے 70 پاکستانی طلباء کو بحفاظت نکال لیا ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق خار کیف یوکرین اور روسی افواج کے درمیان جنگ کے اہم میدانوں میں سے ایک ہے، پاکستانی طلباء کو سفارتی عملہ لویو ریلوے اسٹیشن پر ریسیو کرے گا۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ لویو میں سہولت ڈیسک پر مزید 23 پاکستانی طلباء پہنچے ہیں، یہ 23 پاکستانی طلباء کیف سمیت یوکرین کے مختلف شہروں سے آئے ہیں۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے بتایا کہ سفارت خانے کی ٹرانسپورٹیشن کے ذریعے ان طلباء کو پولش سرحد پر منتقل کیا جانا ہے۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق خار کیف سے 34 مزید پاکستانی طلبہ لویو جا رہے ہیں، یہ طلبہ گزشتہ رات 2 بجے ٹرین میں سوار ہوئے تھے۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے بتایا ہے کہ یوکرین میں پاکستانی سفارت خانے نے پولینڈ کی حکومت سے پیدل کراسنگ کے مزید راستے کھولنے کی درخواست کی ہے۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان نے مزید بتایا کہ پاکستانی سفارت خانے کی درخواست پر پولینڈ نے پیدل چلنے والوں کے لیے تمام 8 مقامات کھول دیے ہیں۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے یہ بھی بتایا ہے کہ پولینڈ نے ابتداء میں صرف ایک کراسنگ پوائنٹ سے پیدل چلنے والوں کو داخلے کی اجازت دی تھی۔

’’پاکستانی طلباء، خاندانوں کا پولینڈ سے جلد انخلاء ہو گا‘‘

دوسری جانب یوکرین میں پاکستان کے سفیر نویل کھوکھر نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو میں بتایا ہے کہ پاکستانی طلباء اور خاندانوں کا پولینڈ سے جلد انخلاء کرایا جائے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ جیسے ہی ٹرنوپل میں پاکستانیوں کی تعداد 200 تک پہنچے گی ان کو لے جانے کے لیے خصوصی پرواز آئے گی۔

سفیرِ پاکستان نے بتایا کہ دفترِ خارجہ پی آئی اے کی پرواز کے لیے پولینڈ میں پاکستانی سفارت خانے اور پولش ایوی ایشن سے رابطے میں ہے۔

اس موقع پر ’جیو نیوز‘ نے ان سے سوال کیا کہ ٹرنوپل تک طلباء کو لانے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے ہیں؟

یوکرین میں پاکستان کے سفیر نویل کھوکھر نے اس بات کا جواب دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایجوکیشن کنسلٹنٹس بہت سے طلباء کو ٹرنوپل لائے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید