• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معراج النبیﷺ سب سے بڑا معجزہ ہے، ضیا المحسن طیب

برمنگھم ( پ ر) جمعیت علما برطانیہ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا ضیا المحسن طیب نے قرطبہ اکیڈمی میں شبِ معراج کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ معراج نبی کریمﷺ کا سب سے بڑا معجزہ ہے اور یہ انسانیت کی بھی معراج ہے ،معراج کا سب سے بڑا تحفہ نماز ہے، نماز کتنی بڑی اہمیت ہے، اس کا اندازہ آپ اس بات سے لگا سکتے ہیں کہ اللّٰہ تعالیٰ نے تمام احکامات زمین پر نازل کیے لیکن جب نماز کی باری آئی تو خدا تعالی نے اپنے محبوب کو آسمانوں پر بلا کر یہ تحفہ عطا فرمایا، نماز کو مومن کی معراج قرار دیا گیا، آپﷺ نے نماز کو اپنی آنکھوں کی ٹھنڈک قرار دیا،انھوں نے کہا کہ واقعہ معراج کی تصدیق نے حضرت ابوبکر کو صدیق کا لقب عطا فرمایا، حضرت ابوبکر ؓ نے اس واقعہ کو سنتے ہی اس کی تصدیق کردی جب کہ پورا مکہ اس واقعہ کی تکذیب کر رہا تھا، انھوں نے کہا کہ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ نماز کی پابندی کریں ،قیامت میں سب سے پہلے نماز ہی کے بارے میں سوال کیا جائے گا، اس سفر میں آپ ﷺ کو جنت، دوزخ دکھائی گئی، بدکاروں ،بے نمازیوں، سود خوروں اور زکوٰۃ نہ ادا کرنے والوں کا انجام دکھایا گیا، اسی طرح یتیموں کا مال کھانے والوں کو دی جانے والی سزا دکھائی گئی کہ ان کے منہ میں آگ کے انگارے ڈالے جارہے ہیں ، بے نمازیوں کے سر پتھروں سے کچلے جارہے ہیں، آپﷺ کو ان چیزوں کا مشاہدہ کرایا گیا تاکہ آپﷺ اپنی امت کو اس سے ڈرا سکیں، اس سفر میں آپﷺ کو امام الانبیا ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہوا،جب بیت المقدس میں ایک لاکھ سے زائد انبیا کرامؑ نے آپﷺ کے پیچھے نماز ادا کی، اس سفر میں اللّٰہ تعالیٰ کی طرف سے آپﷺ پر اور آپﷺ کی امت پر انعامات خداوندی کی بارش ہوئی، اس واقعہ کو خدا تعالی نے لفظِ سبحان سے شروع کیا جس کے معنی ہیں پاک ہے وہ ذات جو عجز سے پاک ہے۔

یورپ سے سے مزید