معروف پاکستانی گلوکار علی ظفر کی آواز میں پاکستان میں منعقد ہونے والی اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی ) کی 48 ویں وزرائے خارجہ کی کانفرنس کا آفیشل ٹریک جاری کردیا گیا ہے۔
یہ آفیشل ٹریک پاکستانی دفترِ خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے گزشتہ روز لانچ کیا گیا ہے۔
پاکستانی دفترِ خارجہ کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر بھی اس آفیشل ٹریک کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے۔
دفترِ خارجہ کی جانب سے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس آفیشل ٹریک کے ذریعے پاکستان کی او آئی سی اور امتِ مسلمہ کے ساتھ مضبوط وابستگی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔
اس آفیشل ٹریک کی تھیم’اللّٰہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھو اور تفرقے میں مت پڑو‘ہے، اور اسے نغمہ نگار جمیل الدین عالی نے لکھا ہے۔
یاد رہے کہ معروف شاعر اور نغمہ نگار جمیل الدین عالی نے 1974 میں پاکستان میں منعقد ہونے والی اسلامی سربراہی کانفرنس کے موقع پر یہ ترانہ تخلیق کیا تھا اور اسے بے پناہ مقبولیت ملی تھی۔