• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: دو ماہ کی بچی کی لاش مائیکروویو سے برآمد

بھارت کے دارالحکومت دہلی  میں دو ماہ کی شیر خوار بچی مائیکروویو اوون کے اندر مردہ پائی گئی۔

ڈپٹی کمشنر آف پولیس (جنوبی) بینیتا میری جیکر کا بتانا ہے کہ انہیں جیسے ہی اس واقعے کی اطلاع ملی تو انہوں نے موقع  پر پہنچ کر تمام ممکنہ زاویوں سے جائزہ لیا۔

ڈی سی بینیتا نے کہا کہ بچے کے والدین، گلشن کوشک اور ڈمپل کوشک سے پولیس اسٹیشن میں پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے جبکہ قتل کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔

ایک سینئر پولیس اہلکار کا بتانا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ بچی کی ماں اس کیس کی مرکزی ملزم ہے کیونکہ وہ بچی کی پیدائش پر پریشان تھی۔

بھارتی میڈیا میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا جارہا ہے کہ  مقتولہ اننیا کی پیدائش اس سال جنوری میں ہوئی تھی اور  اس کی والدہ  اس وقت سے پریشان تھی، یہاں تک کہ اس نے اس معاملے پر اپنے شوہر سے  کئی مرتبہ جھگڑا بھی کیا۔

کہا جارہا ہے گلشن کوشک اور ڈمپل کوشک کا ایک چار سالہ بیٹا بھی ہے۔

پولیس کو واقعے کی اطلاع دینے والے ایک پڑوسی کا بتانا ہے کہ مقتولہ کی والدہ نے خود کو گھر کے اندر بند کر لیا تھا جس کے بعد اس کی ساس نے خطرے کی گھنٹی بجائی۔

پڑوسی کے مطابق ہم دروازہ توڑ کر کمرے میں داخل ہوئے، ہم نے خاتون کو اندر اپنے بیٹے کے ساتھ بے ہوشی کی حالت میں پایا، لیکن دو ماہ کی اننیا لاپتہ تھی۔

اننیا کی دادی اور کچھ پڑوسیوں نے پورے گھر کا جائزہ لیا اور بچے کو مائیکروویو اوون کے اندر پایا۔ مائیکروویو گھر کی دوسری منزل پر ایک کمرے میں رکھا ہوا تھا۔

پولیس کے مطابق واقعے کے وقت مقتولہ کے والد گھر کے قریب قائم اپنے ڈیپارٹمنٹل اسٹور پر تھے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید