لاہور(خبرنگار)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ تمام نام نہاد پارلیمانی جمہوری قوتیں سٹرکوں پر تماشہ کرکے پاکستان کے امن اور بین الاقوامی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہیں ۔ پارلیمنٹ کے ہوتے ہوئے سٹرکوں پر تماشہ کیوں ہورہا ہے ۔ اپوزیشن کے پاس عدم اعتماد کے لئے مطلوبہ نمبرز موجود ہیں تو وہ پاکستان پر حملہ آور کیوںہے ۔ حکومت کی طرف سے بھی جلسے جلوس غیرذمہ دارانہ اور غیر ضروری ہیں ۔ خرم نواز گنڈا پو نے کہا کہ اس وقت خطے میں بین الاقوامی سطح پر حالات انتہائی سنگین ہیں ۔پاکستان کے اندر ایک سوچی سازش کے تحت خانہ جنگی کا ماحول پیدا کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت صورتحال کو نارمل کرنے والی کوئی آواز سنائی نہیںدے رہی اورکوئی سوچ نظر نہیں آرہی ۔ اگر اسی طرح دھینگا مشتی ہوتی رہی تو کوئی بڑا حادثہ بھی رونما ہوسکتا ہے ۔ضمیروں کی خرویدوفروخت ہو یا آئین کی تشریح اور ادارے لا تعلق اور بے بس نظر آرہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام کا مکرہ چہرہ ایک بار پھر قوم کے سامنے آچکا ہے ۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان کی کسی کو فکر نہیں سب ایک دوسرے کی گردن مارنے پر تلے ہوئے ہیں ۔جس ملک میں خانہ جنگی کی سی کیفیت ہو وہاں بیرونی سرمایہ کاری کیسے آسکتی ہے ۔ حالات کو خراب کرکے پاکستان کو بند گلی کی طرف دھکیلا جارہا ہے ۔ محب وطن پڑھے لکھے عوام موجودہ سیاسی صورتحال سے سخت رنجیدہ ہیں ۔