فلم انڈسٹری کے معروف اداکار معمر رانا کی اہلیہ مہناز معمر نے سینئر اداکارہ و میزبان صاحبہ افضل کو ان کے حال ہی میں بیٹیوں سے متعلق دیے گئے بیان پر ڈھکے چھپے الفاظ میں کرارا جواب دیا ہے۔
معمر رانا کی اہلیہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی بیٹیوں کے ہمراہ لی گئی اپنی تصاویر شیئر کیں۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں حضور پاک ﷺ کی حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’خوش قسمت ہے وہ عورت، جس کی پہلی اولاد بیٹی ہےـ‘
اداکار کی اہلیہ نے مزید لکھا کہ الحمداللّہ! میری دو بیٹیاں ہیں۔
معمر رانا کی اہلیہ نے اپنی پوسٹ میں اداکارہ صاحبہ کا ذکر نہیں کیا لیکن یہ پوسٹ اُن کے بیٹیوں سے متعلق بیان کے بعد کی گئی ہے جس سے واضح ہے کہ اُنہوں نے صاحبہ کو ہی جواب دیا ہے۔
واضح رہے کہ صاحبہ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ اُنہیں بیٹوں کا بہت شوق تھا اور اللّٰہ نے انہیں بیٹوں ہی سے نوازا ہے، وہ بہت خوش ہیں کہ اللّٰہ نے اُنہیں اس زمانے میں بیٹی نہیں دی، اُنہیں بیٹی کی خواہش بھی نہیں تھی۔
صاحبہ افضل کا مزید کہنا تھا کہ بیٹیوں کے اوپر دباؤ بہت زیادہ ہوتے ہیں، زندگی بھر وہ اپنی مرضی سے کچھ کر ہی نہیں سکتی ہیں، لڑکیوں کی اپنی کوئی زندگی نہیں ہوتی ہے۔