• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کامیڈی کنگ عمر شریف کی 62 ویں سالگرہ کے موقع پر دعائیہ تقریب کا اہتمام

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے معروف اداکار کامیڈی کنگ کی 62 ویں سالگرہ کے موقع پر دعائیہ تقریب کا اہتمام جون ایلیا لان میں کیاگیا جس میں اداکار عمر شریف کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی کی گئی، تقریب میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، اراکین گورننگ باڈی ،عمر شریف کے اہل خانہ سمیت فنکار برادری کی بڑی تعداد جن میں معروف اداکار طلعت حسین، ساجد حسن، رؤف لالہ، ذاکر مستانہ، سلومی، نعیمہ گرج سمیت مختلف تھیٹر اداکاروں کے علاوہ مداحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، تقریب سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے صدر آرٹس کونسل محمداحمد شاہ نے کہا کہ میرا عمر کے ساتھ چالیس سال پرانا تعلق تھا، آج سب عمر کے لیے اکھٹے ہوئے ہیں، عمر شریف اپنے آخری وقت میں مجھے اپنے بیٹے کی ذمے داری دے گیا، انہوں نے کہاکہ پوری دنیا میں اس کے چاہنے والے رو رہے تھے، آج عمر نہیں ہے لیکن یہاں موجود لوگ سب آپ کے ساتھ ہیں، عمر شریف کی ساری برادری آج یہاں موجود ہے،ہم سب عمر کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔عمر شریف کے صاحبزادے جواد عمر نے کہاکہ والد صاحب سے لوگ بہت پیار کرتے ہیں۔۔ اتنے لوگوں کا پیار ساتھ ہے، والد صاحب جو کام چھوڑ کر گئے ہیں میں ان کو پورا کروں گا ، ہم نے آج جتنا بھی پڑھا اللہ قبول کرے، انہوں نے کہاکہ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ جس طرح مشکل حالات میں ہمارے ساتھ کھڑے رہے میں ان کا اور فن کار برادری کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اس موقع پر عمر شریف کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا جبکہ آرٹس کونسل کی جانب سے شرکاءکیلئے افطار ڈنر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

دل لگی سے مزید