پاکستانی ڈیجیٹل کریئٹر اور السٹریٹر شہزل ملک کے شاندار آرٹ ورک نے مارول اسٹوڈیوز کی پہلی مسلم سپر ہیرو سیریز ’مس مارول‘ میں جگہ بنالی ہے۔
شہزل کے آرٹ ورک کو مارول اسٹوڈیوز کی آنے والی سیریز ’مس مارول‘ کے پوسٹرز میں شامل کیا گیا ہے۔
شہزل ملک نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر مارول اسٹوڈیوز کی جانب سے کیے گئے ایک ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کیا ہے۔
اُنہوں نے مارول اسٹوڈیوز کی جانب سے کیے گئے ٹوئٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’ جی ہاں، مارول اسٹوڈیوز کی جانب سے مس مارول کے مسلم پاکستانی ورثے کی نمائندگی کرنے کے لیے شیئر کیے گئے اس پوسٹر میں میرا آرٹ ورک ہے‘۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ’یہ سب ایک ساتھ ہوتے دیکھ کر بہت پرجوش ہوں!‘
شہزل ملک کی اس کامیابی پر اُنہیں سوشل میڈیا صارفین اور کئی معروف شخصیات کی جانب سے مبارکبادیں ملنے کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔
اداکار عثمان خالد بٹ نے اس تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ’مبارک ہو! یہ ہمیشہ کی طرح شاندار ہے‘۔
اس کے علاوہ امریکی قونصلیٹ جنرل لاہور کے آفیشل اکاؤنٹ کی جانب سے بھی شہزل ملک کے اس خوبصورت آرٹ ورک کی تعریف کی گئی۔