• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مردم شماری فارم نہ بھیجنے پر 1000 پونڈ جرمانہ ہوگا، نیشنل ریکارڈز اسکاٹ لینڈ

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹ لینڈ میں مردم شماری کے فارم پُر کرکے واپس بھیجنے کی آخری تاریخ یکم مئی ہے لیکن ایک چوتھائی افراد ایسے ہیں جنہوں نے ابھی تک یہ فارم مکمل نہیں کیے۔ نیشنل ریکارڈز آف اسکاٹ لینڈ جو 10سال کے بعد یہ سروے کراتا ہے، اس کا کہنا ہے کہ فارم نہ بھیجنے والے افراد کو ایک ہزار پونڈ تک جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے کہ یہ ہر گھرانے کی قانونی ذمہ داری ہے کہ وہ مردم شماری کا فارم مکمل کرکے بھیجے۔ اسکاٹ لینڈ میں اس وقت27لاکھ گھروں میں55لاکھ افراد مقیم ہیں، ان میں سات لاکھ افراد نے ابھی فارم واپس نہیں کیے۔ اتوار20مارچ کو ملک میں سرکاری طور پر مردم شماری کا دن منایا گیا تھا جس میں ہر گھرانے پر زور دیا گیا تھا کہ وہ پراپرٹی میں رہنے والے تمام افراد کی تعداد اور چند دیگر تفصیلات بتائیں، مردم شماری کے اعدادو شمار سے حکومت کو عوام کی تعداد کے لحاظ سے کسی بھی معاملے مثلاً ٹرانسپورٹ، پلاننگ، ایجوکیشن اور ہیلتھ کیئر کے بارے میں منصوبہ بندی کرنے میں مدد ملتی ہے۔ مردم شماری سے ملازمتوں، رشتوں اور نسلی اقلیتوں کے بارے میں بھی معلومات ملتی ہیں۔ پاکستانیوں کو چاہیے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں مردم شماری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ حکومت کو نئے منصوبے بناتے اور فنڈز مختص کرتے وقت ان کی مجموعی افرادی قوت و ضروریات کو مدنظر رکھ سکے۔ 

یورپ سے سے مزید