• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلوریڈا میں والٹ ڈزنی کمپنی خود مختاری کے اختیار سے محروم

فلوریڈا میں والٹ ڈزنی کمپنی خود مختاری کے اختیار سے محروم
 فلوریڈا میں والٹ ڈزنی کمپنی خود مختاری کے اختیار سے محروم

امریکی ریاست فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹیس نے اورلینڈو ایریا  میں موجود والٹ ڈزنی تھیم پارکس کے خود مختاری کے اختیار کو ختم کردیا ہے۔

فلوریڈا کے اسکولوں میں ہم جنس پرستی اور خواجہ سراؤں کے مسائل سے متعلق تعلیم کو محدود کرنےکے لیے بنائے گئے ایک نئے قانون کی مخالفت پر گورنر رون ڈی سینٹیس نے ایک نئے بل پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے تحت  اورلینڈو ایریا میں موجود والٹ ڈزنی تھیم پارکس کے خود مختاری کے اختیار کو ختم کردیا گیا ہے۔

ریپبلکن پارٹی کے زیر اثر ہونے والی قانون سازی میں اس بل کی منظوری دی گئی ہے، جو کہ اس خصوصی حکومتی دائرہ اختیار کو ختم کر دے گا جس کے تحت کمپنی کو والٹ ڈزنی ورلڈ ریزورٹ کو اپنے شہر کے طور پر چلانے کی اجازت دیتا ہے۔ 

والٹ ڈزنی کمپنی کو 25 ہزار ایکڑ کے علاقے میں موجود چار تھیم پارکس، دو واٹر پارکس اور 175 میل روڈ پر خود مختاری حاصل ہے۔

اس حوالے سے ڈی سینٹیس نے اپنی پریس کانفرنس میں والٹ ڈزنی کی خصوصی حیثیت کو ’بہت بڑی خرابی‘ قرار دیا ہے۔

ڈی سینٹیس کا کہنا ہے کہ ’فلوریڈا میں کسی فرد یا کسی کمپنی کے ساتھ اس طرح کا سلوک نہیں کیا جاتا ہے‘۔

گورنر کا یہ بھی کہنا ہے کہ والٹ ڈزنی کو نئے قانون کے نتیجے میں مزید ٹیکس بھی ادا کرنا پڑے گا لیکن یہ واضح نہیں کیا کہ کتنا مزید ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

تاہم، والٹ ڈزنی کمپنی نے اس نئے بل کے حوالے سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

اگرچہ اس بل کے کمپنی اور ریاست پر مالیاتی اثرات غیر یقینی ہیں لیکن یہ بات یقینی ہے کہ یہ بل 50 سال سے زائد عرصے سے ریاست کے ساتھ کمپنی کے قریبی تعلقات کو خراب کر سکتا ہے۔


بین الاقوامی خبریں سے مزید