• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملٹن کینز کونسل کا کنٹرول حاصل کرنے کیلئے کنزرویٹو لیبر میں کانٹے کا مقابلہ متوقع

ملٹن کینز (توقیر لون) ملٹن کینز میں آمدہ کونسل انتخابات جو کہ اس سال 5مئی کو ہو رہے ہیں سے متعلق کنزرویٹو پارٹی کی کونسلر سلینہ راجہ نےروزنامہ جنگ سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ اس سال کنزرویٹو پارٹی بھاری اکثریت سے جیت کر کونسل اور لوکل انتظامیہ کا کنٹرول سنبھالنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال 2021میں مقامی انتخابات میں کنزرویٹو پارٹی کو ملٹن کینز میں سب سے زیادہ 24نشستیں ملی تھیں لیکن انہیں انتظامیہ اور کونسل میں مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے لیے 29نشستیں درکار تھیں، نتیجتاً لیبر اور لبرل ڈیموکریٹس پارٹی کے مشترکہ الائنس نے اکثریت حاصل کرنے کے بعد ملٹن کینز انتظامیہ و کونسل کا کنٹرول سنبھال لیا تھا۔کونسلر سلینہ راجہ نے کہا ہے کہ اگر انکی پارٹی ملٹن کینز میں واضح اکثریت حاصل کر لیتی ہے تو کنزرویٹو پارٹی ملٹن کینز میں ایک بہترین منصوبہ بندی کے تحت مقامی لوگوں کی بہتری اور خوشحالی کے لیے کام کرے گی۔ ملٹن کینز میں بڑھتے ہوئے مسائل کی طرف توجہ دلاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملٹن کینز میں سڑکوں کی خستہ حالت کو بہتر بنانا، کونسل ٹیکس میں کمی، بس روٹس اور سروسز میں اضافہ اور بہتری ، فلائی ٹپنگ و کوڑا کرکٹ پھیلانے، دیواروں پر گرافیٹی کی روک تھام اور ری سائیکل بن کی کلیکشن کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے موثر طور پر کام کیا جائے گا جو کہ پارٹی کے پلان میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ ملٹن کینز میں بڑھتے ہوئے جرائم خطرناک حد تک تشویشناک ہیں ان جرائم کی روک تھام کے لیے مزید پولیس بھرتیاں کیے جانے کے ساتھ ساتھ سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے جائیں گے اور نئے 6 یوتھ سینٹروں کا قیام عمل میں لایا جائے گا تا کہ نوجوانوں کو جرائم سے دور رکھا جائے اور انکی بہتر تربیت سازی کی جائے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن اسکے باوجود موجودہ انتظامیہ کی جانب سے کونسل ٹیکس میں اضافہ کر کے عام لوگوں پر بوجھ ڈال دیا گیا ہے، اگر کنزرویٹو پارٹی اس سال کونسل میں اکثریت حاصل کر لیتی ہے تو وہ کونسل ٹیکس میں کمی کرے گی تاکہ عوام پر مہنگائی کا بوجھ کسی حد تک کم کیا جا سکے۔ آمدہ الیکشن کے حوالے سے لیبر پارٹی کے کونسلر انصر حسین نےجنگ سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مقامی کونسل انتخابات میں اپنی پارٹی کے حوالے سے پر امید ہیں کیونکہ ملٹن کینز میں لیبر اور لب ڈیم الائنس پر مشتمل انتظامیہ مقامی لوگوں کی بہتری کے لیے خاطر خواہ کام سر انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے مذید بات کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر ملٹن کینز انتظامیہ مقامی طور پر کثیر تعداد میں ان لوگوں کو بھی کونسل ٹیکس کی مد میں رعایت دے رہی ہے جو گورنمنٹ کی ٹیکس ریبیٹ سکیم کے اہل نہیں ہیں۔ موجودہ انتظامیہ کی طرف سے بس شیلٹرز کو معیاری اور بہتر بنانے کے لیے 2 ملین پاؤنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ شہر میں کاربن فٹ پرنٹ میں کمی کو مد نظر رکھتے ہوئے نئے گرین کونسل ہومز کی تعمیر تقریباً مکمل ہو چکی ہے جو ماحول دوست ہونے کیساتھ ساتھ صارفین کو سستی انرجی بھی مہیا کریں گے۔ ملٹن کینز کے ماحول اور علاقہ کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے فلائی ٹپنگ اور کوڑا کرکٹ پھیلانے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جا رہا ہے، اب تک اسکی خلاف ورزی کرنے والے تقریباً 1600 لوگوں کو جرمانہ کے نوٹس بھیجے جا چکے ہیں اور مزید یہ کہ ہفتہ وار بن کلیکشن کو بغیر کسی تعطل کے جاری رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور بجلی و گیس کے بلوں میں اضافہ کی وجہ سے خاص طور سے جو لوگ مالی مشکلات کا شکار ہو رہے ہیں، لیبر اور لب ڈیم کی مشترکہ انتظامیہ ان لوگوں سے تعاون بھی کر رہی ہے۔ملٹن کینز میں معذور لوگوں کی سہولیات کے لیے 66ہزار پاؤنڈز کے علاوہ معذور اور اوٹسٹک سینڈروم ڈیسیبلٹی سے متائثر بچوں کے لیے سیکنڈری سکول کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے۔ انکا مذید کہنا تھا کہ لیبر اور لب ڈیم الائنس انتظامیہ کی طرف سے ملٹن کینز شہر میں سڑکوں کی خستہ حالی اور گڑھوں کی مرمت کے لیے 2022/23 کے بجٹ میں 3.5 ملین پاؤنڈز کے فنڈز مختص کر دیئے گئے ہیں جن سے مقامی سڑکوں کی مرمت کی جائے گی۔ ملٹن کینز کی معاشی بحالی پر بات کرتے ہوئے انکا مذید کہنا تھا کہ برطانیہ بھر میں معیشت کی بحالی میں ملٹن کینز شہر کا شمار اسوقت پانچویں نمبر پر ہو رہا ہے جو کہ بہت خوش آئند ہے۔

یورپ سے سے مزید