• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسجد نبویﷺ واقعے میں عمران خان کا کوئی ہاتھ نہیں: حریم شاہ

پاکستان کی متنازع ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے کہا ہے کہ مسجد نبویﷺ میں پیش آنے والے حالیہ واقعے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کوئی ہاتھ نہیں ہے، وہ عاشقِ رسولﷺ ہیں۔

حریم شاہ نے مدینہ منورہ میں پاکستان کے نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ جس وقت مسجد نبویﷺ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا وہ وہیں موجود تھیں، اُنہوں نے سب خود اپنی آنکھوں سے دیکھا۔

ٹک ٹاک اسٹار نے کہا کہ مسجد نبویﷺ واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، اس جگہ تو ہمیں ہماری آوازیں پست رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ نئی حکومت کے لیے عوام کے دلوں میں شدید غم و غصہ ہے اور جب حکومت وفد مسجد نبویﷺ پہنچا تو وہاں موجود قافلے نے اپنے غصے کا اظہار کیا جوکہ غلط تھا۔

حریم شاہ نے کہا کہ اب یہ کہا جارہا ہے وہ قافلہ عمران خان نے بھیجا تھا اور اس سارے واقعے کے پیچھے بھی عمران خان کا ہی ہاتھ تھا جبکہ یہ جھوٹا الزام ہے۔

ٹک ٹاکر نے کہا کہ عمران خان عاشقِ رسولﷺ ہیں، وہ کبھی اس طرح کی گھٹیا حرکت میں ملوث نہیں ہوسکتے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان سچے لیڈر ہیں۔

واضح رہے کہ حال ہی میں مسجد نبویﷺ میں سیاسی مخالفت کے جنون میں مذہبی تقدس کی پامالی کی گئی تھی۔

مسجد نبویﷺ کی زیارت کے موقع پر بعض افراد کی جانب سے کابینہ اراکین کے خلاف نعرے بازی کی گئی جس پر سیاست سمیت ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید