• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زوہیب حسن اپنے مشہور گانے’دوستی‘ کو بغیر اجازت براڈکاسٹ کرنے پر برہم

زوہیب حسن، فائل فوٹو
زوہیب حسن، فائل فوٹو 

پاکستانی میوزک انڈسٹری کے معروف موسیقار و گلوکار زوہیب حسن اپنے مشہور گانے’دوستی‘ کی ڈرامے میں بغیر اجازت براڈکاسٹ کیے جانے پر برہم ہوگئے ہیں۔

 زوہیب حسن نےفیس بک پر ڈرامہ سیریل’صنفِ آہن‘ کاپوسٹر شیئر کیا جس میں ان کے مشہور گانے’دوستی‘ کو براڈ کاسٹ کیا گیا ہے۔

اُنہوں نے کیپشن میں لکھا کہ’پاکستان کب دوسروں کے کاپی رائٹ اور انٹلیکچوئل پراپرٹی رائٹس کی پاسداری کرے گا؟‘

اُنہوں نے اپنے گانے’دوستی‘ کو بغیر اجازت براڈکاسٹ کیے جانے پر برہمی کا اظہار کرنے پر وضاحت دینے کے لیے ایک ٹوئٹ کیا۔

زوہیب حسن نے ٹوئٹر پر اپنی مرحوم بہن گلوکارہ نازیہ حسن کی فاؤنڈیشن کی چند تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ میں نے اپنے گانے’دوستی‘ کے بغیر اجازت استعمال پر اعتراض آئی ایس پی آر اور صنفِ آہن کی ٹیم سے پیسے بٹورنےکے لیے کیا ہے‘۔

 اُنہوں نے مزید لکھا کہ’نازیہ اور میرے گانوں کی تمام رائلٹیز نازیہ حسن فاؤنڈیشن کے تحت پاکستان میں خیراتی سرگرمیوں میں وقف ہوتے دیکھ کر بھی ایسا خیال کیا جانا کافی پریشان کن اور غلط ہے‘۔

دریں اثنا، بی اینڈ ایچ انٹرنیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ، جوکہ نازیہ اور زوہیب کے لکھے اور کمپوز کیے گئے تمام گانوں کے کاپی رائٹ کی مالک ہے، اس حوالے سے ایک بیان جاری کیا ہے۔

بی اینڈ ایچ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ’ہمارے علم میں یہ بات آئی ہے کہ ہماری پیشگی اجازت کے بغیر ہمارے گانے ’دوستی‘کو تجارتی طور پر نشر کیا گیا ہے جسے زوہیب حسن اور نازیہ حسن اور زوہیب حسن نے گایا ہے‘۔

بیان میں مزید لکھا گیا کہ’لہذا ہم اس طرح کی خلاف ورزی میں ملوث یا منسلک تمام فریقوں کے خلاف کارروائی کرنے کا اپنا حق محفوظ رکھتے ہیں‘۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید