• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ساحل سمندر پر سیکیورٹی کے حوالے سے ساؤتھ پولیس کے موثر انتظامات

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کراچی میں کلفٹن کے ساحل پر سیر و تفریح کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے عید الفطر کے تینوں دن ساؤتھ پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کو مؤثر بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے، سی ویو پر ماؤنٹڈ پولیس بھی تشکیل دی گئی۔ 

سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ساؤتھ کراچی رائے اعجاز احمد کے مطابق سب ڈویژنل پولیس آفیسرز کلفٹن، درخشاں، ایس ایچ اوز ماڈل پولیس اسٹیشن کلفٹن و درخشاں سمیت مجموعی طور پر 200 سے زائد پولیس اہلکاروں کو کلفٹن سی ویو کے اطراف سیکیورٹی کے حوالے سے تعینات کیا گیا۔ 

پولیس اہلکاروں میں سے 133 اہلکار، 21 پولیس موبائلز، 8 موٹر سائیکلز اور 12 گھوڑوں پر جبکہ دیگر 67 کے قریب اہلکار مسلسل پیدل گشت کرتے رہے۔

ضلع جنوبی کی جانب سے عوام کی فوری مدد کے لیے سی ویو پر کیمپ بھی قائم کیا گیا۔

گزشتہ روز سی ویو پر اپنے والدین کے ساتھ سیر و تفریح کے دوران لاپتہ ہونے والے 50 بچوں کو تلاش کر کے ان کے ورثاء کے حوالے کیا گیا۔

جبکہ گزشتہ روز ایک ناخوشگوار واقعے میں سی ویو پر سیر و تفریح کے لیے آئے ہوئے دو نوجوان گہرے پانی میں جانے کی وجہ سے ڈوب گئے تھے۔ جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایدھی کے غوطہ خوروں کے ساتھ مل کر ایک نوجوان کی لاش نکال لی جبکہ دوسرے نوجوان کی لاش کی تلاش جاری ہے۔ 

گھوڑوں پر تعینات پولیس اہلکاروں کی جانب سے لاؤڈ اسپیکرز کے ذریعے لوگوں کو سمندر کی گہرائی میں جانے سے روکا جاتا رہا۔

پولیس کیمپ سے عوام کو سمندر میں زیادہ آگے جانے سے روکنے کے لیے بار بار اعلانات بھی کیے جاتے رہے۔

قومی خبریں سے مزید