• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کانز فلم فیسٹیول، پہلی بار بھارت ’کنٹری آف آنر‘ کے لیے منتخب

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) 75 ویں کانز فلم فیسٹیول میں پہلی بار بھارت کو’ ʼکنٹری آف آنر‘ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ اس لیے اس فیسٹیول میں بھارت کے مشہور ہدایتکار ستیہ جیت رے کی مشہور فلم ʼ’پرتیدوندی (1970) ‘کو دکھایا جائے گا۔اس سال کانز کلاسیک سیکشن میں ’پرتیدوندی‘کو خصوصی اسکریننگ کے لیے باضابطہ طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ سنیل گنگوپادھیائے کے اسی نام پر لکھے گئے ایک ناول پر مبنی اس فلم میں ایک پڑھے لکھے متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے سدھارتھ نامی ایک نوجوان کی کہانی کو بیان کیا گیا ہے، جسے ملازمت حاصل کرنے کے لیے کافی جدوجہد کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اس فلم میں مخصوص تکنیکوں جیسے فوٹو نیگیٹو فلیش بیکس کا استعمال کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے اس فلم کو بین الاقوامی سطح پر خوب سراہا بھی گیا ہے۔ اس فلم کو سال 1971 میں بہترین ہدایتکاری سمیت تین قومی ایوارڈز سے نوازا جاچکا ہے۔ فلم نے سال 1971 میں شکاگو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں گولڈ ہیوگو ایوارڈ کے لیے نامزدگی بھی حاصل کی۔ پچھلے سال رے کی پیدائش کی صد سالہ تقریب کے موقع پر این ایف ڈی سی ۔ این ایف اے آئی نے فلموں کو ڈیجیٹل طور پر بحال کرنے کے لیے ایک پروجیکٹ شروع کیا تھا اور پرتیدونڈی اس مقصد کے لیے منتخب ہونے والی پہلی فلم تھی۔نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن آف انڈیا( این ایف ڈی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر رویندر بھاکر نے کہا کہ رے نے سنیما کی دنیا میں بہت سی چیزوں میں انقلاب لایا ہے، انہوں نے اپنی فلموں میں ہمیشہ ایک نئی چیز متعارف کی۔ فلم پرتیدوندی میں فوٹو نیگیٹو فلیش بیک جیسی تکنیکوں کا پہلی بار تجربہ کیا گیا۔ نیشنل فلم آرکائیو آف انڈیا ( این ایف اے آئی) نے فلم کے اصلی نیگیٹو کو بحال کرنے کے لیے مستعدی سے کام کیا ہے۔ ہمیں کانز فلم فیسٹیول میں رے کی ʼکلکتہ ٹرائیلوجی کی پہلی نمائش کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔ سیمابدھا (1971) اور جنا آرانیہ (1976) رے کی ہدایت کاری میں بننے والی اگلی دو فلمیں تھیں، جو ان کی ʼکلکتہ ٹرائیلوجی کی دوسری فلمیں ہیں۔ کانز فلم فیسٹیول کا 75 واں ایڈیشن 17 سے 28 مئی تک جاری رہے گا۔

دل لگی سے مزید