• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماہرہ خان کی فلموں کی ریلیز میں تاخیر کی وجہ سامنے آگئی

ماہرہ خان، فائل فوٹو
ماہرہ خان، فائل فوٹو 

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی فلموں کی ریلیز ہونے میں تاخیر کی وجہ بتادی ہے۔

ماہرہ خان نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں اپنی فلموں کی ریلیز کے حوالے سے بات کی ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ ان کے کرداروں، فلموں اور یہاں تک کہ ٹی وی سیریز کے بارے میں بھی کافی عوامی دباؤ سامنے آتا ہےاور ابھی ان کی دو فلمیں’نیلوفر‘ اور ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ ریلیز ہونا باقی ہیں۔

اُنہوں نے اپنی فلموں کی ریلیز میں کافی تاخیر ہونے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اداکارہ جو بھی فلمیں بنا رہی ہیں وہ ’برمودا ٹرائینگل‘ میں جا رہی ہے اسی لیے اُنہیں کوئی اندازہ نہیں کہ وہ کب ریلیز ہوں گی۔

خیال رہے کہ اداکارہ ماہرہ خان کی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کا پہلا ٹریلر 2018 میں ریلیز کیا گیا اور 2019 میں عید الفطر پر فلم کو ریلیز کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا مگر کچھ وجوہات کی بناء پر فلم کی ریلیز تاخیر کا شکار ہوگئی اور پھر اس فلم کو 2020 میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

لیکن 2020 میں عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے اس فلم کی ریلیز مزید تاخیر کا شکار ہوگئی تھی۔

تاہم، اب یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ اس فلم کو رواں سال جولائی میں ریلیز کیا جائے گا۔

اسی طرح ماہرہ خان کی فلم’نیلوفر‘ کے بارے میں بھی یہ اطلاعات ہیں کہ اس فلم کی شوٹنگ 2020 میں مکمل ہوگئی تھی لیکن اب تک یہ فلم بھی ریلیز نہیں ہوسکی ہے۔


انٹرٹینمنٹ سے مزید