• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے منحرف ارکانِ پنجاب اسمبلی کے خلاف ریفرنسز کی سماعت کے دوران پنجاب اسمبلی کے منحرف ارکان سے جواب طلب کر لیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ریفرنسز کی سماعت کی۔

پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ ایم پی ایز کے کیس میں بھی وکالت نامہ جمع کرانا چاہتے ہیں، عدم اعتماد جیسی صورتِ حال پنجاب اسمبلی میں بھی پیش آئی تھی، عثمان بزدار کا استعفی متنازع ہے، نئے وزیرِ اعلیٰ کے الیکشن کے لیے پی ٹی آئی کے ارکان کو ورغلایا گیا، پنجاب اسمبلی میں منحرف ارکان نے ووٹ ڈال دیے ہیں، قومی اسمبلی کے منحرف ارکان کا کیس چوٹی سر کرنے کے مترادف ہے۔

الیکشن کمیشن سندھ کے ممبر نثار درانی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں ووٹ ڈالا گیا اور رجیم تبدیل ہو گئی۔

پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ رجیم تبدیل ہونے کے متاثرہ فریق درخواست گزار ہیں، اسمبلی سے پہلے نجی ہوٹل میں وزیرِ اعلیٰ کا الیکشن کروایا گیا، قانونی تقاضے پورے کر کے ریفرنس 20 اپریل کو الیکشن کمیشن پہنچے، آرٹیکل 63 کی خلاف ورزی کا تاریخی کیس ہے، ووٹ ڈل گیا تو مزید کسی جواب کی ضرورت نہیں۔

الیکشن کمیشن کے ممبرِ بلوچستان شاہ محمد جتوئی نے کہا کہ آپ نے تو آج ہی دلائل مکمل کر لیے ہیں، ایم پی اے جاوید اختر کی حد تک ریفرنس نمٹا دیا گیا ہے۔

ایم پی اے جاوید اختر نے کہا کہ میں تو بائیکاٹ کر کے چلا گیا تھا، ووٹ ڈالا ہی نہیں، میرے نام کے سامنے غلطی یا بدنیتی سے ٹک لگایا گیا، مجھ پر تشدد بھی کیا گیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ آپ کو دوبارہ آنے کی ضرورت نہیں۔

پی ٹی آئی کے وکیل اظہر صدیق نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو ریفرنسز پر 30 دن کے اندر فیصلہ کرنا ہے، ہم نے شواہد الیکشن کمیشن کو جمع کرا دیے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ میڈیا کے لیے بیانات دینے ہیں تو وہ باہر جا کر دے سکتے ہیں، دلائل میں یہ باتیں بتائیں، الیکشن کمیشن سب کو موقع دے گا، آج دلائل دینا چاہتے ہیں تو الیکشن کمیشن آج تیار ہے۔

الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے منحرف اراکین سے جواب طلب کر لیا اور سماعت منگل تک ملتوی کر دی۔

سماعت کے بعد تحریکِ انصاف کے وکیل فیصل چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ آج الیکشن کمیشن میں ریفرنسز کے جوابات جمع کروائے گئے ہیں، ان کے جواب الجواب جمع کروائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایم این اے کے کیس میں ووٹنگ نہیں ہوئی تو وہ کیس کچھ مختلف ہے، پنجاب اسمبلی کے ارکان نے ووٹ کاسٹ کیا، ان کے تصاویر بھی موجود ہیں، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، الیکشن کمیشن سے امید ہے کہ ایم پی ایز ریفرنس کا فیصلہ منگل کو سنایا جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید