لاہور(سودی)اسٹیٹ بینک نےبینکوں کی ہفتہ کی چھٹی بحال کردی،اسٹیٹ بینک کے مطابق ہفتہ کوبینکوں کی صرف مخصوص برانچیں کھلیں گی۔
کاروباری برادری اور عوام الناس کو بنیادی بینکاری سہولتوں کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے بینک، مائیکرو فنانس بینک بڑے شہروں ، کاروباری مراکز، کمرشل مارکیٹوں اور مراکز ، پورٹس وغیرہ میں واقع اپنی منتخب برانچیں اپنی کاروباری ضروریات کے مطابق ہفتے کو بھی کھول سکتے ہیں۔
بینکوں کے کسٹم ہاؤسز، پورٹس پر واقع کلیکشن بوتھ حسبِ معمول ساتوں دن اور 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔
تاہم بینک،مائیکرو فنانس بینک ہفتہ کو کھلنے والی برانچوں کی مکمل فہرست شعبہ بینکاری پالیسی اور ضوابط (بی پی آر ڈی) کے پاس جمع کرائیں گے اور اپنی اپنی ویب سائٹس پر بھی ان برانچوں کی اپ ڈیٹ شدہ فہرست رکھیں گے۔
بینک،مائیکرو فنانس بینک اپنے صارفین کی معلومات کے لیے متعلقہ برانچوں میں نمایاں مقام پر یہ اعلان آویزاں کریں گے کہ یہ برانچ ہر ہفتہ کھلا کرے گی۔
مذکورہ بالا ہدایات کسی تبدیلی یا واپس لیے جانے تک نافذ العمل رہیں گی۔
اسٹیٹ بینک نےبینکوں کےاوقات کارمیں بھی تبدیلی کردی،بینک اورمائیکروفنانس بینک پیر تا جمعرات صبح 9:00 شام 5:30 تک کھلیں گے، 1:30 سے 2:15 تک نمازاورکھانے کا وقفہ ہوگا، جبکہ جمعہ کو دفتری اوقات صبح 9:00 شام 6:00 تک ہوں گے ،1:00 بجے سے 2:30 بجے تک نمازاورکھانے کا وقفہ ہوگا۔
بینک/ مائیکروو فنانس بینک عوام سے لین دین کے لیے اپنی کاروباری ضروریات کے مطابق کاروباری (بینکاری) اوقات مقرر کر سکتے ہیں، بشرطیکہ ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن (ایس بی پی-بی ایس سی) کے فیلڈ آفسز جن کاروباری (بینکاری) اوقات پر عمل کر رہے ہوں، اس مقصد کے لیے کم ازکم بینچ مارک کے طور پر ان کی پابندی کی جائے۔