پڑوسی ملک بھارت کے ایک ریستوران سے منگوائے کھانے میں سانپ کی کھال کی موجودگی کے انکشاف کے بعد ریستوران بند کردیا گیا۔
بھارتی ریاست کیرالہ میں ایک خاتون اور اس کی بیٹی کو اس وقت سخت صدمہ پہنچا جب انہیں مبینہ طور پر اپنے کھانے میں سانپ کی کھال ملی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کیرالہ کی ایک خاتون نے ریستوران سے اپنے اور بیٹی کے لیے کھانا منگوایا تھا۔ کھانا پہنچنے کے بعد، خاتون نے سب سے پہلے اپنی بیٹی کو کھانا دیا اور جب خاتون نے اپنا کھانا شروع کیا تو انہیں سانپ کی کھال کا ایک آدھی انگلی لمبا ٹکڑا دیکھا جو اس کے لیے خوفناک تھا۔
خاتون نے اس واقعے کی شکایت پولیس سے کی، شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے مقامی میونسپل حکام نے ریستوران کا معائنہ کیا اور ریستوران بند کروادیا۔
فوڈ سیفٹی آفیسر نے کہا کہ ابتدائی نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ سانپ کی کھال کھانے کی پیکنگ کے لیے استعمال ہونے والے اخبار میں تھی۔
ریستوران کے کاموں کے بارے میں بات کرتے ہوئے فوڈ سیفٹی آفیسر نے کہا کہ باورچی خانے میں مناسب روشنی نہیں تھی، ہم نے ریستوران کا لائسنس منسوخ کر دیا ہے اور مالکان کو نوٹس بھی جاری کردیا ہے۔