• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ کی یوکرین کیلئے 1.3 ارب پاؤنڈ کی فوجی امداد، ٹینک شکن میزائل اور فضائی دفاعی نظام شامل

لندن (نیوز ڈیسک)برطانوی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ یوکرین کو مزید 1.3ارب آسٹریلین پاؤنڈ کی فوجی اور دوسری امداد فراہم کرے گی۔ برطانیہ کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی G7رہنماؤں کے ساتھ ویڈیو کال کریں گے۔نیا برطانوی عہد یوکرین سے متعلق برطانیہ کے اخراجات کے وعدوں کو تقریباً دوگنا کر دیتا ہے۔برطانوی حکومت نے اشارہ دیا ہے کہ یہ عراق اور افغانستان کی جنگوں کے بعد تنازعات سے متعلق اخراجات کی بلند ترین شرح ہے، حالانکہ اس نے ان حسابات کی تفصیلات نہیں بتائی ہیں۔برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن 24فروری کو روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی جانب سے فوجی آپریشن شروع کرنے کے بعد سے روسی افواج کے خلاف مزاحمت کے لیے یوکرین کی کوششوں کے سب سے مضبوط حامیوں میں سے ایک ہیں۔برطانوی حکومت نے یوکرین کو ٹینک شکن میزائل، فضائی دفاعی نظام اور دیگر ہتھیار بھیجے ہیں۔برطانوی وزیر خارجہ لز ٹرس نے ہفتے کے روز کہا کہ اس بات کے شواہد موجود ہیں کہ روسی افواج بے گناہ شہریوں کو قتل اور خواتین کی عصمت دری کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین میں روس کی "خوفناک" فوجی مہم نے یورپ میں امن و استحکام کو غیر مستحکم کر دیا ہے۔برطانیہ کے خارجہ سیکرٹری نے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پوتین نے برتری حاصل کرنے کی مایوس کن کوشش میں مشرقی اور جنوبی یوکرین میں ایک نیا حملہ شروع کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ماریوپول جیسے شہروں میں مسلسل جارحیت کی قیمت بے گناہ ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ نے کیف کو دو ارب ڈالر مالیت کا انسانی، فوجی اور اقتصادی امداد کا ایک جامع پیکج فراہم کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیف کی فوج کی مدد کے لیے بکتر بند گاڑیاں اور ٹینک شکن ہتھیار فراہم کیے جس سے کیف کو روسی افواج کی پیش قدمی روکنے میں مدد کی۔انہوں نے مزید کہا کہ "ہم اپنے بین الاقوامی شراکت داروں اور اتحادیوں کے ساتھ نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (NATO) کو مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں تاکہ یہ لچکدار اور یورپی سلامتی کو درپیش تمام خطرات سے نمٹنے کے قابل ہو۔ 

یورپ سے سے مزید