• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران حکومت نے آزادی اظہار پر جبر کیا‘ وزیر اطلاعات سندھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عمران نیازی کی حکومت نے آزادی اظہار پر جبر کیا‘ صحافیوں اور میڈیا کو نقصان پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ عمران خان کی حکومت مزید چلتی تو صحافیوں کو کوڑے بھی لگ سکتے تھے۔وہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے )کی فیڈرل ایگزیکٹو کونسل کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام کراچی پریس کلب میں منعقد ہونے والے تین روزہ اجلاس کے پہلے دن صحافیوں کودرپیش مسائل پر تفصیلی بات کی گئی۔اس موقع پر آزادی اظہار پر قدغن کیلئے بنائے گئے قوانین کیخلاف جدوجہدجاری رکھنے کے عزم کااظہار کیا گیا۔ اجلاس سے شرجیل میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کا کام ہے کہ تنقید کو برداشت کریں۔ جمہوری لوگ ہی تنقید کو برداشت کرنے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومتوں کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ صحافی جو اپنی جان کو جوکھم میں ڈال کر کام کرتے ہیں ، ان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں۔انہوں نے پاکستان بھر آئے ہوئے فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے اراکین کو خوش آمدید کہا اور یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت ان کی سفارشات اور مطالبات پر بھرپور عمل کرے گی۔پی ایف یو جے کی فیڈرل ایگزیکٹیو کونسل کے تین روزہ اجلاس میں ملک بھر سے صحافتی تنظیموں کے عہدیداران شرکت کر رہے ہیں۔ افتتاحی سیشن کی صدارت پی ایف یو جے کے صدر شہزادہ ذوالفقار نے کی۔ صدر کے یو جے شاہد اقبال اور جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی نے تمام صحافی رہنماؤں کا خیر مقدم کیا۔

اہم خبریں سے مزید