• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شدید گرمی، ہیٹ اسٹروک سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر کی ہدایت

اسلام آباد ( اپنے نامہ نگار سے ) رواں برس مئی میں شدید گرمی اور حبس کی وجہ سے ہیٹ اسٹروک شدید نقصان کا باعث بھی بن سکتا ہے، ماہرین نے شہریوں کو ہیٹ اسٹروک سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ ماہرین کے مطابق ہیٹ اسٹروک کی وجوہات میں گرم اور خشک موسم، شدید گرمی میں پانی پیئے بغیر محنت و مشقت یا ورزش کرنا، جسم میں پانی کی کمی، ذیابیطس کا بڑھ جانا،دھوپ میں براہ راست زیادہ دیر رہناشامل ہے۔ ہیٹ اسٹروک کی علامات میں سرخ اور گرم جلد، جسم کا درجہ حرارت 104 ڈگری فارن ہائیٹ ہوجانا، غشی کاطاری ہونا، دل کی دھڑکن بہت زیادہ بڑھ جانا، جسم سے پسینے کا اخراج رک جانا، پٹھوں کا درد، سر میں شدید درد، متلی ہوناشامل ہیں ، ہیٹ ویو سے بچنے کیلئے لوگوں کو صبح 11 سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر باہر نہیں نکلنا چاہئے ، اگر گھر سے باہر جانا ضروری ہو تو کوشش کریں کہ سایہ دار راستہ اختیار کریں، سر ڈھانپ کر نکلیں اور دھوپ والے مقام پر زیادہ دیر نہ ٹھہرا جائے ، اگر دھوپ میں گھر سے باہر نکلنا پڑے تو ایسے میں سر پر ٹوپی پہنیں، گیلا رومال یا کپڑا رکھیں، ننگے پاؤں باہر نہ نکلیں، دن کے اوقات میں کھلے آسمان تلے کھیل کود سے گریز کریں، ہلکے اور نرم کپڑے پہنیں، سیاہ یا گہرے رنگ کے کپڑوں کا استعمال ہرگز نہ کریں،گرمی میں بچے اور بزرگ شہری خاص طور پراحتیاط کریں، سبزیاں، دالیں، پھل، دہی اور دودھ کا استعمال زیادہ کریں، ایک دن میں 15سے 20 گلاس پانی یا مشروب پیئیں۔
اسلام آباد سے مزید