• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قندیل کی زندگی پر ایوارڈ یافتہ فلم ساز النکریتا شریوستاوا فلم بنائینگی

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کی مقتول سوشل میڈیا اسٹار قندیل کی زندگی پر بولی وڈ کی ایوارڈ یافتہ فلم ساز النکریتا شریوستاوا فلم بنائیں گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ساز النکریتا شریوستاوا اور پروڈیوسر سنی کھنا نے قندیل کی زندگی پر لکھی گئی کتاب کے مالکانہ حقوق خرید لیے ہیں،جس پر وہ فلم بنائیں گے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ قندیل پر بنائی جانے والی فلم کی کہانی ان کی زندگی پر لکھی گئی انگریزی کی کتاب ’سنسیشنل لائف اینڈ ڈیتھ آف قندیل ‘ نامی کتاب سے ماخوذ ہوگی۔فلم کو سنی کھنا پروڈیوس کریں گے اور ممکنہ طور پر فلم کی کہانی بھی النکریتا شریوستاوا ہی لکھیں گی۔ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ قندیل کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کو کب تک ریلیز کیا جائے گا اور اس میں کس اداکارہ کو پاکستانی سوشل میڈیا اسٹار کے کردار کے لیے کاسٹ کیا جائے گا۔النکریتا شریوستاوا نے پہلے ’لپ اسٹک انڈر مائی برقع، بامبے بیگمز، ڈولی، کٹی اور وہ چکمتے ستارے اور کھویا کھویا چاند‘ جیسی فلمیں بنا رکھی ہیں۔النکریتا شریوستاوا کو زیادہ تر خواتین کے مرکزی کرداروں یا خواتین کے مسائل کو اجاگر کرنے والی فمیں بنانے کے حوالے سے پہچانا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ قندیل کو ان کے بھائی وسیم نے 15جولائی 2016 کو غیرت کے نام پر قتل کردیا تھا، ان کی پر پاکستان میں ڈرامے سمیت دستاویزی فلم بھی بنائی جا چکی ہیں۔قندیل کی زندگی اور قتل پر کتابیں بھی لکھی جا چکی ہیں اور ان کی زندگی پر صنم مہر کی لکھی گئی کتاب پر ہی اب بولی وڈ فلم بنائی جائے گی۔قندیل کے قتل میں ان کے بھائی کو سزائے موت بھی ہوئی تھی، تاہم رواں برس فروری میں والد کی جانب سے بیٹے کو معاف کیے جانے پر عدالت نے انہیں بری کردیا تھا۔قندیل کے قاتل بھائی کو بری کرنے کے فیصلے پر حکومت پاکستان نے درخواست دائر کرنے کا فیصلہ بھی کیا تھا جب کہ عوام نے بھی ان کی بریت پر غصے کا اظہار کیا تھا۔

دل لگی سے مزید