• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیرون بوہڑ گیٹ اور ملحقہ آبادی میں ایک ہفتے سے گیس سپلائی بند

ملتان (سٹاف رپورٹر)بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے بعد محکمہ سوئی گیس نے بھی بیرون بوہڑ گیٹ اور اس سے ملحقہ ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی کی گیس سپلائی بند کر دی۔ گزشتہ ایک ہفتے سے بیرون بوہڑ گیٹ, محلہ شانہ ساز, پل شوالہ, محلہ والوٹ وملحقہ علاقوں میں گیس کی بندش کے باعث چولہے بند ہوگئے۔ شہری ایل پی جی اور لکڑیاں جلا کر گزارہ کرنے لگے۔شکایات کے باوجود ایس این جی پی ایل انتظامیہ ٹس سے مس نہ ہوئی ۔تفصیل کے مطابق سوئی ناردرن گیس کمپنی نے مین سپلائی لائن کی مرمت کا جواز بناتے ہوئے ملتان شہر کے گنجان آباد علاقے بیرون بوہڑ گیٹ سمیت ملحقہ علاقوں جن میں محلہ شانہ ساز، سیال روڈ، پل شوالہ، محلہ والوٹ، محلہ سوتری وٹ ودیگر ملحقہ علاقوں میں گزشتہ ایک ہفتے سے گیس کی سپلائی مکمل طور پر بند کر دی ہے جس کے باعث ان علاقوں میں رہائش پذیر ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی گیس فراہمی کی سہولت سے محروم ہو کر رہ گئی ہے ۔ان علاقوں کے متاثرہ صارفین کا کہنا ہے کہ شکایات کے باوجود ایس این جی پی ایل انتظامیہ گزشتہ ایک ہفتے سے صارفین کو مسلسل ٹرخا رہی ہے ۔صارفین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایس این جی پی ایل انتظامیہ اتحاد حکومت کو بدنام کرنے اور عوام میں ان کیلئے نفرت پیدا کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا لگتی ہے کیونکہ شدید گرمی کے موسم میں گیس کی مستقل بندش سمجھ سے بالاتر ہے ۔متاثرہ صارفین نے وزیراعظم پاکستان و حکومتی ارباب اختیار سے مذکورہ صورتحال کا فوری نوٹس لینے اور گیس سپلائی بحال کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ملتان سے مزید